دریائے سندھ: ترقی یا تباہی؟ فیصلہ ہمارا
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
دریائے سندھ ہماری زمین کا وہ جیتا جاگتا حصہ ہے جو ہزاروں برس سے زندگی کو اپنے سینے سے لگا رہا ہے۔ یہ صرف پانی کا بہاؤ نہیں بلکہ ایک مکمل تہذیب ہے جو ماضی کی گہرائیوں سے لے کر آج تک ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ ہے۔ ہم اسے سندھ کی شریان کہتے ہیں کیونکہ اس کے بغیر اس سرزمین کا وجود ہی ممکن نہیں۔ یہ دریا ہمیں زراعت، روزگار، رہن سہن اور تہذیبی ورثے کی گہری بنیاد فراہم کرتا ہے، لیکن افسوس، آج ہم خود اپنے اس دریا کی اہمیت کو فراموش کرتے جا رہے ہیں۔
دریائے سندھ کی تاریخ بہت قدیم ہے۔ یہ دریا ہماری تہذیب کی جڑوں میں بسا ہوا ہے۔ 5,000 سال پہلے، انڈس ویلی سویلائزیشن کا مرکز بھی اس دریا کے کنارے پر تھا۔ موہنجو داڑو اور ہڑپہ جیسے تاریخی شہر دریائے سندھ کے پانیوں کے قریب آباد تھے۔
ان کے درمیان تجارت، زراعت اور فنون کا ایک مضبوط رشتہ تھا، اور یہ سب کچھ دریائے سندھ کی فیاضی سے ممکن تھا۔ اس دریا کا پانی سندھ کی زمینوں کو سیراب کرتا تھا اور یہاں کی معاشرت کو خوشحال بناتا تھا۔ آج بھی، یہ دریا سندھ کے کسانوں کی زندگی کا حصہ ہے، جن کی فصلیں اس کے پانی سے سیراب ہوتی ہیں۔
آج کل حکومت کے کچھ منصوبے اس دریا کے وجود کے لیے خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں میں چھ نئی نہریں بنانے کی بات ہو رہی ہے جوکارپوریٹ فارمنگ کے لیے استعمال کی جائیں گی۔ یہ نہریں نکالنے کا مطلب ہے دریائے سندھ کے پانی کو مخصوص علاقوں کی طرف موڑ دینا اور وہاں کی زمینوں کو زرخیزکرنا۔ بظاہر یہ منصوبہ اچھا لگتا ہے، لیکن اس کے پیچھے چھپی حقیقت انتہائی خوفناک ہے۔
پہلا سوال یہ ہے کہ کیا یہ منصوبے مقامی لوگوں کی مرضی سے بن رہے ہیں؟ ظاہر ہے، ایسا نہیں ہے۔ سندھ کے لوگ ہمیشہ سے اپنے دریا سے جڑے رہے ہیں۔ یہ ان کی زمین، ان کی زندگی اور ان کی تہذیب کا حصہ ہے، اگرکسی بھی ترقیاتی منصوبے میں ان کی رائے شامل نہ ہو، تو اسے ترقی کا نام دینا کہاں کی عقل مندی ہے؟ سندھ کے لوگ کئی دہائیوں سے ان نہروں کے اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انھیں اس بات کا بخوبی علم ہے کہ یہ نہریں کس طرح زمینوں کو بنجر اور قدرتی وسائل کو ضایع کرتی ہیں۔
دوسری بات یہ کہ ایک زمین کو بنجر کر کے دوسری زمین کو زرخیز بنانا کوئی سمجھداری نہیں۔ یہ تو ایسے ہی ہے جیسے ایک ہاتھ کاٹ کر دوسرے کو مضبوط کرنے کی کوشش کی جائے۔ دریائے سندھ کا پانی پورے سندھ کے لیے ایک جیسی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ پانی نہ صرف زمینوں کو زرخیز بناتا ہے بلکہ اس کے کنارے رہنے والے لاکھوں لوگوں کی زندگی کا سہارا ہے۔
اگر اس پانی کو مخصوص نہروں کے ذریعے کہیں اور موڑ دیا جائے تو کیا ان لوگوں کی زندگیوں کا کوئی حساب کتاب ہوگا؟ اس سوال کا جواب نہ صرف سندھ کے کسانوں بلکہ پورے پاکستان کے شہریوں کو دینا ہوگا۔
حکومت کے اس منصوبے پر ابھی عملدرآمد نہیں ہوا، لیکن یہ حقیقت ہے کہ اگر یہ منصوبے حقیقت بن گئے تو اس کے نتائج خطرناک ہوں گے۔ دریائے سندھ پہلے ہی پانی کی کمی کا شکار ہے۔ ہندوستان کی جانب سے دریاؤں پر بند باندھنے کے بعد پاکستان کو ملنے والا پانی پہلے ہی کم ہوچکا ہے۔ ایسے میں مزید نہریں نکالنے کا مطلب ہوگا کہ سندھ کی زمینیں مزید بنجر ہو جائیں گی اور پانی کے لیے ترسنے لگیں گی۔
پانی کی کمی کا اثر نہ صرف زراعت پر بلکہ ماحولیاتی نظام پر بھی ہوگا۔ سندھ کے لوگ، جو پہلے ہی پانی کی قلت سے نبرد آزما ہیں، مزید مسائل کا شکار ہونگے اور اگر یہ منصوبہ آگے بڑھتا ہے تو قدرتی وسائل کا استحصال اور مقامی لوگوں کا استحصال دونوں ایک ساتھ ہونگے۔
یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ دریا صرف پانی کی روانی کا نام نہیں، بلکہ یہ زمین کی زندگی ہے۔ جب دریا کو نقصان پہنچتا ہے تو پورا علاقہ اس کے اثرات جھیلتا ہے۔ جنگلی حیات، ماحول، زمین اور لوگوں کی روزمرہ زندگی سب کچھ متاثر ہوتی ہے۔ یہاں ایک بات ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے کہ دریا قدرت کا وہ تحفہ ہے جو ہمیں زندگی فراہم کرتا ہے اور ہم اسے خود تباہ کرنے جا رہے ہیں۔
سندھ کے لوگ اس وقت اپنی تہذیب اور وسائل کو بچانے کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ یہ ہے کہ انھیں اس فیصلے میں شامل کیا جائے، کیونکہ یہ ان کی زمین، ان کی روزی روٹی اور ان کی زندگی کا مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ’’ ایک زمین کو بنجر کر کے دوسری زمین کو زرخیز کرنا کوئی عقل مندی نہیں ہے۔‘‘
بین الاقوامی سطح پر بھی دریائی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے کئی مثالیں موجود ہیں۔ جیسے نیل اور گنگا کے درمیان معاہدے، جنھیں بین الاقوامی سطح پر متوازن پانی کے استعمال کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ یہی نظریہ ہمیں بھی اپنانا چاہیے کہ دریاؤں کے پانی کا استعمال کسی بھی علاقے کی اجتماعی بھلائی کے لیے ہونا چاہیے۔
حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کی آواز سنے اور ان منصوبوں پر عملدرآمد سے پہلے عوامی مشاورت کو یقینی بنائے،کیونکہ کسی بھی علاقے میں ترقیاتی منصوبے وہاں کے لوگوں کی مرضی کے بغیر نہ توکامیاب ہو سکتے ہیں اور نہ ہی دیرپا۔ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ قدرتی وسائل کی حفاظت ہی اصل ترقی ہے۔
دریائے سندھ ہمیں پکار رہا ہے۔ اس کی خاموش آوازکو سننے کی ضرورت ہے۔ یہ دریا ہم سب کا ہے اور اس کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے۔ آئیں، اس کی حفاظت کے لیے ایک مضبوط قدم اٹھائیں، تاکہ یہ دریا آنے والی نسلوں کے لیے بھی اسی طرح زندگی کا ذریعہ بنا رہے جیسا کہ یہ صدیوں سے ہے۔
یہ وقت ہے کہ ہم اپنی سوچ کو بدلیں۔ ترقی کے نام پر قدرتی وسائل کی بربادی کا سلسلہ اب رکنا چاہیے۔ اگر ہم نے آج اپنے دریاؤں کو نہ بچایا تو کل ہماری نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ آج سندھ کے لوگ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔ یہ صرف ان کی نہیں، بلکہ ہم سب کی ذمے داری ہے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوں اور قدرتی وسائل کا تحفظ کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: دریائے سندھ قدرتی وسائل سندھ کے لوگ زمینوں کو ا رہے ہیں زندگی کا کی زندگی لوگوں کی کے لیے ا کے پانی سندھ کی یہ دریا اس دریا پانی کی زمین کو کی زمین حصہ ہے
پڑھیں:
صدر کو دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کی منظوری کا اختیار نہیں، وزیراعلیٰ سندھ
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں پیپلز پارٹی کیخلاف مہم چلائی جائے، پُرامن احتجاج کرنا سب کا حق ہے، کینالز کبھی نہیں بننے دیں گے، حکومت چھوڑنے کا آپشن موجود ہے، جمہوری طریقے سے نہ مانے تو حکومت ایک منٹ میں چھوڑ دیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام کی طاقت سے سندھ کیخلاف کوئی منصوبہ نہیں بننے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سجاول اور ٹھٹہ میں کئی سو کلو میٹر واٹر چینلز پکے کیے جانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی کوشش ہورہی ہے، کچھ لوگ چاہتے ہیں پیپلز پارٹی کیخلاف مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج کرنا سب کا حق ہے، کینالز کبھی نہیں بننے دیں گے، حکومت چھوڑنے کا آپشن موجود ہے، جمہوری طریقے سے نہ مانے تو حکومت ایک منٹ میں چھوڑ دیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ معاملہ ایکنک میں آیا تو مخالفت کریں گے، سی سی آئی کا اجلاس نہیں بلایا جارہا، کیا ہمارا ملک نئے الیکشن کا متحمل ہوسکتا ہے؟ اپوزیشن کے کہنے پر بلیک میل نہیں ہوں گے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر کو کسی چیز کی منظوری کا اختیار نہیں، صدر نے کہا وہ اس منصوبے کو سپورٹ نہیں کرتے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی طاقت سے سندھ کیخلاف کوئی منصوبہ نہیں بننے دیں گے، سندھ کا ایک قطرہ پانی بھی کوئی نہیں لے سکتا۔