سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 30 خوارج ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
راولپنڈی:
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں تین علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 30 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 24 اور 25 جنوری کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تین الگ الگ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 30 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ضلع لکی مروت میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا گیا۔ جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور 18 خوارج کو ہلاک جبکہ 6 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
دوسری انٹیلی جنس کارروائی ضلع کرک میں کی گئی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک ہوئے اس کے علاوہ تیسری جھڑپ خیبر ضلع کے عمومی علاقے باغ میں ہوئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے 4 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
باغ میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں خارجی رہنما عزیز الرحمن عرف قاری اسماعیل اور خارجی مخلص بھی شامل تھے، جبکہ 2 خوارج زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ مارے جانے والے دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
اعلامیے کے مطابق علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیرنس آپریشن جاری ہیں، پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز نے خوارج کو ہلاک
پڑھیں:
کراچی: مختلف واقعات میں نو عمر لڑکے سمیت تین افراد جاں بحق
کراچی میں پیش آنے والے مختلف ٹریفک حادثات میں نوعمر لڑکے سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملیر لنک روڈ کے قریب تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ کے ساتھ لگے ہوئے درخت سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا جبکہ حادثے میں کار بری طرح سے تباہ ہوگئی۔ متوفی کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے فاطمہ بقائی اسپتال ٹول پلازہ پہنچائی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 18 سالہ احمد کے نام سے کی گئی جبکہ شدید زخمی 25 سالہ شیر محمد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث کار بے قابو ہونے سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔تاہم، پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
قائد آباد مرغی خانہ پل کے قریب ٹریفک حادثے میں نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لیجائی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 14 سالہ ریحان کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا جبکہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا تھا۔
دریں اثنا بھینس کالونی موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لائی گئی۔
چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 18 سالہ عامر کے نام سے کی گئی جسے نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماری تھی۔تاہم، پولیس ٹریفک حادثات کی مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔