اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں و مراعات میں اضافہ: سمری وزیراعظم کو ارسال
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
اسلام آباد:قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں و مراعات کو وفاقی سیکرٹری کے برابر کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد یہ تجویز سمری کی صورت میں وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کر دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ کی ماہانہ تنخواہ اور مراعات 5 لاکھ 19 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ منظوری کے بعد اراکین پارلیمنٹ کو سہولیات بھی وفاقی سیکرٹری کے برابر فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے 67 اراکین نے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں نے بھی اس پر اتفاق ظاہر کیاتاہم، اس سے قبل اراکین پارلیمنٹ نے 10 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ کا مطالبہ کیا تھاجو اسپیکر ایاز صادق نے مسترد کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ مالیاتی بجٹ 2024-25ء میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا اختیار فنانس کمیٹی کو دیا گیا تھا، جس کی منظوری کے بعد اب یہ فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کا منتظر ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں مہنگائی اور معاشی دباؤ کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں سے ممکنہ ردعمل کے پیش نظر حکومت کے لیے اس تجویز پر عمل درآمد چیلنج بن سکتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد ہوگا، جس پر عوام کی جانب سے گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: اراکین پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد
پڑھیں:
اراکین پارلیمان کی ترقیاتی اسکیموں کے فنڈز میں اچانک بڑا اضافہ
اتحادی حکومت نے اراکین پارلیمان کی ترقیاتی اسکیموں کیلیے فنڈز جاری کرنے کی رفتار اچانک تیز کرتے ہوئے اس مد میں تین گنا زیادہ رقم جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، جو 48.3 ارب روپے بنتی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق وزارت منصوبہ بندی نے کابینہ ڈویژن کی ڈیمانڈ پر سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گولز اچیومنٹ پروگرام کے تحت 48.3 ارب روپے جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔
وزارت منصوبہ بندی اور ترقیات نے اراکین پارلیمان کی اسکیموں کیلیے13 سے 17 جنوری کے درمیان مزید 30.9 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے، جس سے 17 جنوری تک اراکین پارلیمان کی اسکیموں کیلیے جاری کردہ رقم کی مجموعی تعداد 48.3 ارب روپے ہوگئی ہے، جبکہ دسمبر 2024 تک محض 17.5 ارب روپے کی رقم منظور کی گئی تھی۔
وزارتی ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ اتحادی جماعتوں کی جانب سے اپنی ترقیاتی اسکیموں کیلیے فنڈز مانگے جانے کی وجہ سے رواں ماہ تین گنا زیادہ فنڈز جاری کرنے کی اجازت دی گئی ہے، وزارت خزانہ کی بجٹ ریلیز کی حکمت عملی کے تحت، اس مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں (جولائی تا مارچ) کے دوران کل مختص بجٹ کا زیادہ سے زیادہ 60 فیصد جاری کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ارکان پارلیمنٹ کی اسکیموں کے لیے سالانہ 50 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کا 60 فیصد فنڈز 29 ارب روپے بنتا ہے، اس طرح 19ارب روپے حد سے زیادہ جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارت منصوبہ بندی نے13 جنوری کو 12.5 ارب روپے منظور کیے، جس سے مجموعی ریلیز 30ارب روپے ہوگئی، جو منظور شدہ حد سے معمولی زیادہ ہے، تاہم اس کے باجود کابینہ ڈویژن کی جانب سے مزید فنڈز مانگے جانے پر وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے 17 جنوری کو مزید 18.4 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
اس طرح تیسری سہہ ماہی کے دوران کابینہ ڈویژن کی درخواست پر وزارت منصوبہ بندی نے 18.4 ارب روپے اضافی جاری کرنے کی منظوری دے دی اور یوں رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 48.4 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزارت منصوبہ بندی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ یہ اجازت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف سے منظور شدہ ریلیز کے آسان طریقہ کار اور فنانس ڈویژن کی حکمت عملی 2024-25 کے مطابق دی جا رہی ہے تاہم 18.5 ارب روپے جاری کرنا فنانس ڈویژن کی ہدایات کی خلاف ورزی ہے۔