وزیرِاعظم شہباز شریف کا دورہ آزاد کشمیر: روشن مستقبل کی نوید
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف کا حالیہ دورہ آزاد کشمیر امید افزا قدم کے طور پر سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام، خصوصاً نوجوان نسل کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھولنے کے عزم کا اظہار کیاہے۔ 22 جنوری 2025 کو وزیراعظم پاکستان نے بھمبر آزاد کشمیر میں آزاد کشمیر کے پہلے دانش اسکول کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ یہ منصوبہ آزاد کشمیر میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد کم وسیلہ خاندانوں کے بچوں کو بڑے شہروں کے طلبہ کے مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔ دانش اسکول کا قیام اس بات کا عملی مظاہرہ ہے کہ حکومت پاکستان تعلیم کو ترقی کے محور کے طور پر دیکھتی ہے اور غربت و جہالت کے خاتمے کے لئے تعلیم کو ایک مؤثر ذریعہ سمجھتی ہے اور اس انقلابی مہم میں کشمیری بچوں کو آراستہ اور پیراستہ کرنا اولین فرض ہے۔
آزاد کشمیر میں دانش اسکول کا منصوبہ سماجی و معاشی ترقی کے لئے بنیاد فراہم کرے گا جہاں کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو مفت تعلیم، یونیفارم اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی اس اقدام سے نہ صرف بچوں کے روشن مستقبل کی راہ ہموار ہوگی بلکہ یہ اقدام معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ یہ منصوبہ پورے آزاد کشمیر میں پھیلایا جائے گا تاکہ ہر بچہ معیاری تعلیم تک رسائی حاصل کر سکے اور مستقبل کے چیلنجز کا سامنا علمی بنیادوں پر کرنے کے قابل ہوسکے۔
بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے نمائندہ فورم کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کی موجودگی اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ پاکستان کی قیادت آر پار کشمیری عوام کے ساتھ والہانہ محبت اور یکجہتی رکھتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر شہیدوں کے لہو سے سرخ ہوچکا ہے اور بھارتی فوج کشمیری عوام پر ناقابل برداشت مظالم ڈھا رہی ہے۔ وزیرِاعظم نے یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت، عوام اور افواج پاکستان کا کشمیر کاز سے وابستگی غیر متزلزل ہے پاکستانی افواج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی اس حوالے سے کمٹمنٹ بے مثال ہے اور پاکستان کشمیریوں کے حصولِ آزادی تک وفا نبھائے گی۔
حریت قیادت نے حکومت پاکستان کے اس اقدام کو کشمیر کاز سے وابستگی اور کشمیری عوام کے مسائل کو سمجھنے کی علامت قرار دیا ہے آزاد کشمیر کے عوام نے وزیراعظم کے اس دورے اور تعلیمی منصوبے کو خوش آئند قرار دیا ہے جو آزاد کشمیر کے بچوں کے لئے ایک روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کرے گا۔ اس اقدام سے تعلیمی سہولیات کی کمی کا شکار دور دراز علاقوں میں ترقی کی نئی امید پیدا ہوئی ہے اور خطے میں خوشحالی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔
وزیراعظم کا دورہ آزاد کشمیر نہ صرف تعلیم کے فروغ کا عملی مظاہرہ ہے بلکہ کشمیر دوست حکمرانی کا ثبوت بھی۔ دانش اسکول منصوبہ حکومت پاکستان کے اس وژن کا حصہ ہے کہ آزاد کشمیر کے بچوں کو بلا تفریق معیاری تعلیم تک رسائی دی جائے اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں۔ دنیا بھر میں جب تعلیم کو اولین ترجیح دی جارہی ہے آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کے قیام کا فیصلہ ایک اہم اقدام ہے جو حکومت کی سنجیدگی اور عوامی مسائل کے حل کی جستجو کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کا قیام محض ایک تعلیمی منصوبہ نہیں بلکہ ایک خواب کی تعبیر ہے۔ یہ اقدام آزاد کشمیر کی تعلیمی اور سماجی ترقی کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور پاکستانی قیادت کی کشمیری عوام سے محبت اور حمایت کا عملی ثبوت ہے۔ دانش اسکول منصوبہ ترقی کی وہ روشنی ہے جو آزاد کشمیر کے ہر کونے میں پھیل سکتی ہے بشرطیکہ وزیر اعظم پاکستان کے اس وژن کو عملی اقدامات کے ذریعے تقویت دی جائے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ا زاد کشمیر کے کشمیری عوام دانش اسکول شہباز شریف ترقی کے بچوں کو کے بچوں کے لئے ہے اور
پڑھیں:
سنوکر چیمپیئن محمد آصف کو 25 لاکھ انعام، دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا: وزیراعظم
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے دنیائے سنوکر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کیوئسٹ محمد آصف کو 25 لاکھ روپے انعام دے دیا۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سنوکر چیمپئن محمد آصف نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے محمد آصف کو حال ہی میں سری لنکا میں منعقدہ سارک سنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیرِ اعظم نے محمد آصف کو 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک بھی پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں سے پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔ آپ نے سنوکر کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تین بار ورلڈ ایمیچئیور سنوکر چیمپیئن شپ اور تین مرتبہ سارک سنوکر چیمپیئن شپ جیت کر آپ نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پاکستان کا نام روشن کیا، حکومت، پاکستانی کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ محمد آصف نے وزیرِ اعظم کی جانب سے قومی سطح پر پزیرائی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومتی سر پرستی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وزیرِ اعظم نے میری پزیرائی کی۔