اسلام آباد:

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بچے کی حوالگی سے متعلق ایک کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، جسٹس محسن اختر کیانی نے نوعمر بچے کو اپنے ساتھ الگ کرسی لگوا کر بٹھاتے ہوئے ریمارکس دیے کہ جہاں ماں باپ ایک دوسرے کی عزت نہیں کرتے وہاں بچے بھی ان کی عزت نہیں کرتے، عدالتیں بدلہ لینے کی جگہ نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے صائمہ کنول کی اپیل پر سماعت کی، اس دوران درخواست گزار وکیل میاں محمد ارشد جاوید پیش ہوئے۔

جسٹس محسن نے نوعمر بچے کو اپنے ساتھ کرسی لگوا کر بٹھایا اور ریمارکس دیے کہ بچوں یا ماں باپ کو عدالتوں میں نہیں آنا چاہیے، فیصلہ آسان ہے لیکن کسی کے اندر محبت نہیں ڈال سکتے، بچوں کو ہینڈل کرنا بہت آسان ہے ماں کرے، باپ یا کوئی تیسرا، بچہ جس کے ساتھ بھی ہو دوسرے کے خلاف ہوجاتاہے، سات سال یا بڑا بچہ خود کو ہینڈل کر رہا ہوتا ہے، بچے کو اسی لیے ساتھ بٹھایا کہ یہ خود بتائے کس کے ساتھ رہنا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ کسی کے بھی ساتھ زبردستی نہیں کرسکتے، جہاں ماں باپ ایک دوسرے کی عزت نہیں کرتے وہاں بچے بھی ان کی عزت نہیں کرتے، عدالتیں بدلہ لینے کی جگہ نہیں اور نہ وکیل ٹولز ہیں، بدقسمتی سے پاکستان میں ماؤں نے مردوں کی تربیت ٹھیک نہیں کی۔

جج نے کہا کہ میں ساتھ ساتھ اس بچے سے بھی پوچھ رہا ہوں کیوں کہ یہ اپنا نقطہ نظر رکھتا ہے، منفی اثرات ختم کرنا چاہئیں۔

جسٹس محسن نے والدین سے استفسار کیاکہ آپ کیا کرتے ہیں اور کیا ڈیوٹی ٹائمنگ ہیں؟ والد نے عدالت کو بتایاکہ میں نیسکام میں ڈائریکٹر ہوں اور 9 سے چار ڈیوٹی ٹائمنگ ہیں، والدہ نے بتایاکہ میں بھی وہیں کام کرتی ہوں اور ان کے ماتحت ہوں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے والد کو ہدایت کی کہ اہلیہ کی اپنے فیملی ممبران سے ملاقات کرائیں تاکہ غلط فہمیاں نہ ہوں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے وکلاء سے کہا کہ سب کچھ آپ کے سامنے ہے، ساری وہ باتیں ہیں جو اس بچے کو جج بنا کر حل کی جاسکتی ہیں، ماں باپ دونوں نے بچے کو اس سطح پر لانا ہوتا ہے جہاں وہ آسانی محسوس کرے، مجھے لگتا ہے ماں باپ دونوں کو سائیکاٹرسٹ کے پاس بھیجنا چاہیے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا اور کہا کہ اس پر آرڈر پاس کریں گے۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: جسٹس محسن اختر کیانی نے کی عزت نہیں کرتے ماں باپ کہا کہ بچے کو

پڑھیں:

بنچز اختیارات کیس: سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا

اسلام آباد (خصوصی  رپورٹر) سپریم کورٹ نے بینچز اختیارات کیس کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا جب کہ سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ بادی النظر میں 2 رکنی ججز کمیٹی نے جوڈیشل آرڈر کو نظرانداز کیا، ججز کمیٹی کو توہین عدالت کا نوٹس دے سکتے ہیں لیکن دیں گے نہیں۔سپریم کورٹ میں بینچز کے اختیارات کا کیس مقرر نہ کرنے پر توہینِ عدالت کی سماعت ہوئی۔، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی سماعت کررہے ہیں  جب کہ عدالتی معاون حامد خان کے دلائل دئیے۔عدالتی معاون خواجہ حارث اور احسن بھون بھی عدالت میں پیش  ہوئے، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی عدالت میں موجودتھے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ہمارے سامنے بنیادی سوال یہ ہے کہ جوڈیشل آرڈر کی موجودگی میں ججز کمیٹی کیس واپس لے سکتی تھی، حامد خان نے کہ کچھ ججز کو کم اختیارات ملنا اور کچھ کو زیادہ، ایسا نہیں ہو سکتا۔ جسٹس منصور علی شاہ  بولے کہ یہ سوال الگ ہے، اگر ہم آرٹیکل 191اے کی تشریح کا کیس سنتے تو یہ سوال اٹھایا جا سکتا تھا، ہمارے سامنے کیس ججز کمیٹی کے واپس لینے سے متعلق ہے۔جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ چیف جسٹس پاکستان اور جسٹس امین الدین خان ججز کمیٹی کا حصہ ہیں، بادی النظر میں دو رکنی ججز کمیٹی نے جوڈیشل آرڈر کو نظرانداز کیا، اگر ججز کمیٹی جوڈیشل آرڈر کو نظر انداز کریں تو معاملہ فل کورٹ میں جا سکتا ہے، اس سوال پر معاونت دیں.جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے اس معاملے پر کنفیوژن تو ہے۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ رولز 1980ء کے تحت فل کورٹ چیف جسٹس پاکستان بنائیں گے یا کمیٹی بنائے گی، کیا جوڈیشل آرڈر کے زریعے فل کورٹ کی تشکیل کیلئے ججز کمیٹی کو بجھوایا جا سکتا ہے۔ حامد خان نے کہا کہ ریگولر ججز کمیٹی کے ایکٹ کا سیکشن 2اے آرٹیکل 191 اے سے ہم آہنگ نہیں ہے، پارلیمنٹ عدلیہ کے اختیارات بڑھا سکتی ہے، کم نہیں کر سکتی، میں آرٹیکل 191 اے کی مثال دینا چاہتا ہوں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ا سکا اختیار موجودہ کیس سے الگ ہے، یہ سوالات 26ویں آئینی ترمیم سے متعلق ہیں، حامد خان نے مؤقف اپنایا کہ آرٹیکل 191اے میں آئینی بنچز کا ذکر ہے،  سپریم کورٹ میں ایک  آئینی بنچ کا زکر نہیں ہے، کم از کم پانچ ججز پر مشتمل ایک آئینی بنچ ہو سکتا ہے۔انہوں نے اسدلال کیا کہ  اس صورتحال میں تین آئینی بنچز بن سکتے ہیں جو ان میں سینئر ہوگا وہی سربراہ ہوگا، آرٹیکل 191اے ججز کمیٹی کے سیکشن 2اے سے ہم آہنگ نہیں اس لیے خلاف آئین ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالتی معاون حامد خان کے دلائل مکمل ہوگئے۔ کیس کی سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کیا، سماعت ساڑھے 11 بجے دوبارہ شروع ہوئی۔احسن بھون  نے کہا کہ اس کیس میں جتنے عدالتی فیصلوں کے حوالے دیے جا رہے ہیں 26ویں ترمیم کے بعد وہ غیر موثر ہو چکے ہیں، آپ ججز کمیٹی کا حصہ ہیں، آپ بیٹھیں یا نہ بیٹھیں یہ الگ بات ہے۔ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس نے عدالت سے شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا کر دی۔ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس نے کہا ہے کہ عدالتی حکم کی نافرمانی نہیں کی، عدالتی حکم پر بینچ بنانے کے معاملے پر نوٹ بنا کر پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کو بھجوا دیا تھا۔سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ ہمارے سامنے بنیادی سوال یہ ہے کہ جوڈیشل آرڈر کی موجودگی میں ججز کمیٹی کیس واپس لے سکتی تھی؟عدالتی معاون وکیل حامد خان نے کہا کہ کچھ ججز کو کم اختیارات ملنا اور کچھ کو زیادہ، ایسا نہیں ہو سکتا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ یہ سوال الگ ہے، اگر ہم آرٹیکل 191 اے کی تشریح کا کیس سنتے تو یہ سوال اٹھایا جا سکتا تھا، ہمارے سامنے کیس ججز کمیٹی کے واپس لینے سے متعلق ہے۔

متعلقہ مضامین

  • بدقسمتی سے پاکستان میں ماؤں نے مردوں کی تربیت ٹھیک نہیں کی،جسٹس محسن اختر
  • پاکستان میں ماؤں نے مردوں کی تربیت ٹھیک نہیں کی، جسٹس محسن اختر کیانی
  • بدقسمتی سے پاکستان میں ماؤں نے مردوں کی تربیت ٹھیک نہیں کی،جسٹس محسن اخترکیانی
  • مجھے لگتا ہے ، ماں باپ دونوں کو سائیکاٹرسٹ کے پاس بھیجنا چاہئے،اسلام آباد ہائیکورٹ، بچے کی حوالگی سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ 
  • بچے کی حوالگی سے متعلق کیس ،جسٹس محسن اختر کیانی نے نوعمر بچے کو اپنے ساتھ کرسی لگوا کر بٹھا لیا
  • بنچز اختیارات کیس: سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا
  • بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع ‘  جیل میں شامل  تفتیش کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ 
  • بینچز اختیارات کیس، معاملہ فل کورٹ جائے گا یا نہیں، فیصلہ محفوظ
  • بینچز اختیارات پر سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ