رندیپ ہودا ہالی ووڈ فلم میں جان سینا کے ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گے
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2025 GMT
بھارتی اداکار رندیپ ہودا ہالی ووڈ کے معروف فلم ساز سیم ہارگریو کے ساتھ ایکشن فلم ’میچ باکس‘ میں دوبارہ کام کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فلم جان سینا، تیونا پیریس، جیسیکا بیل اور سیم رچرڈسن جیسے مشہور ستاروں پر مشتمل ہوگی۔ اس سے قبل رندیپ نے ہارگریو کی 2020 کی کامیاب فلم ’ایکسٹریکشن‘ میں اہم کردار نبھایا تھا۔
فلم ’میچ باکس‘ کو ایکشن اور ایڈونچر پر مبنی کہانی قرار دیا جا رہا ہے، جس میں بچپن کے دوست مل کر دنیا کو تباہی سے بچانے کی کوشش کریں گے۔
یہ فلم مشہور کھلونے ’میچ باکس کارز‘ پر مبنی ہے، جسے 1953 میں جیک اوڈیل نے ڈیزائن کیا تھا۔
فلم میں اداکاری کا موقع ملنے پر رندیپ نے کہا کہ ’سیم کے ساتھ دوبارہ کام کرنے پر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ ایکسٹریکشن کے دوران ہمارے تجربات شاندار رہے، اور وہ ایکشن کہانیوں کے ماہر ہیں۔ فلم کی شوٹنگ بوڈاپیسٹ میں ہو رہی ہے۔‘
یہ فلم ایپل اوریجنل فلمز کی جانب سے اسکائی ڈانس اور میٹل فلمز کے اشتراک بنائی جارہی ہے، ہارگریو کی ہدایت کاری میں تیار ہونے والی اس فلم کا اسکرپٹ ڈیوڈ کوگس ہال اور جوناتھن ٹروپر نے لکھا ہے۔
فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم ابھی اس کی ریلیز کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایف بی آر کی کارروائی، نان انٹیگریٹڈ انوائسز پر 2 ریسٹورینٹس کے خلاف ایکشن
اسلام آباد:پاکستان فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیم نے نان انٹیگریٹڈ انوائسز پر کارروائی کرتے ہوئے شہر اقتدار کے 2 ریسٹورنٹس سیل کر دیے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسلام آباد کے پوش سیکٹرز میں پوائنٹ آف سیل (POS) نصب نہ کرنے والے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید دو ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کی ٹیم نے چیف کمشنر کی ہدایت پر ان ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کی، جو نان انٹیگریٹڈ انوائسز جاری کر رہے تھے۔
کارروائی سے قبل ان ریسٹورنٹس کے بارے میں مکمل شواہد اکٹھے کیے گئے اور پیشگی اجازت حاصل کرنے کے بعد قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انسپکشن کی گئی۔
سیل کیے گئے ریسٹورنٹس اسلام آباد کے سیکٹر ایف-6 اور ایف-7 میں واقع ہیں، جہاں پوائنٹ آف سیل کے قانون پر عمل درآمد نہ ہونے پر کارروائی کی گئی۔
ایف بی آر کے حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب کاروباری اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ قومی خزانے میں عوام کا ٹیکس جمع کیا جا سکے۔
ترجمان ایف بی آر نے مزید کہا کہ عوام کے دیے گئے ٹیکس کا قومی خزانے میں جمع ہونا ادارے کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے لیے ایف بی آر کی ٹیم متحرک ہو کر کام کر رہی ہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ٹیکس کے نظام میں شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔