’مارچ اور اپریل میں بھی بارشوں کے امکانات بہت کم ہیں‘
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2025 GMT
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ جنوبی پنجاب اور بلائی سندھ کے میدانی علاقوں میں ہلکی دھند پڑنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں موسم سرما میں بارش کی متعدد بار پیش گوئیاں کی گئیں لیکن یا تو بارش ہوئی نہیں یا پھر پیش گوئیوں کے مطابق بارشوں کے سلسلے کے بجائے فقط بوندا باندی سے اشک شوئی ممکن ہوسکی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں موسم سرما کا آغاز؛ برفباری اور بارشیں کم ہونے کا امکان
رواں موسم سرما میں بارشیں تقریباً نہ ہونے کے برابر ہوئی ہیں، جس پر پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے قومی خشک سالی مانیٹرنگ سینٹر نے ایک ایڈوائزری میں بتایا ہے کہ میدانی علاقوں میں خاطر خواہ بارش نہ ہونے کے باعث خشک سالی کی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ یکم ستمبر 2024 سے 15 جنوری 2025 تک پاکستان بھر میں معمول سے 40 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں، ایڈوائزری میں فراہم کردہ تفصیل کے مطابق سندھ میں بارشیں معمول سے 52 فیصد کم، بلوچستان میں 45 فیصد اور پنجاب میں 42 فیصد کم ہوئیں ہیں۔
مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات جدت کی جانب گامزن، جدید سرویلنس ریڈار خریدنے کا فیصلہ
بارشیں نہ ہونے کی وجہ نہ صرف کسان بلکہ عام عوام بھی پریشان ہیں، خشک اور سرد موسم کے باعث شہریوں کو لاحق صحت کے مسائل میں بھی اضافہ ہورہا ہے، سوال یہی ہے کہ آخر موسم سرما کی بارشیں کب ہوں گی۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد خان کے مطابق بارش کے کافی حد تک امکانات تھے لیکن بارش نہیں ہوئی اور اب اگلے ہفتے تک اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بارش کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔
مزید پڑھیں: درجہ حرارت مزید بڑھے گا یا نہیں، محکمہ موسمیات نے کیا پیشگوئی کی ہے؟
’آج بھی اچھی دھوپ نکلی ہوئی ہے، اس لیے یہ کہنا بھی قبل از وقت ہوگا کہ مارچ یا اپریل میں بارشیں ہونے کا امکان ہے کہ نہیں، اس وقت موسم کی صورتحال کے پیش نظر آئندہ 2 مہینوں میں بھی بارش کے امکانات خاصے معدوم نظر آتے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایم ڈی کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں بھی کہا گیا تھا کہ بارش نہ ہونے کے باعث خشک موسم میں بہتری کا امکان نہیں ہے، کیونکہ سیزن کا دوسرا نصف حصہ بھی پہلے نصف کی طرح خشک رہنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات کے سربراہ مہر صاحبزاد خان کے مطابق اس طرح کی صورتحال ماضی میں بھی دیکھی گئی ہے۔ ’یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ بارشیں معمول سے کم ہوئی ہوں۔‘
موسم سرما میں بارشوں اور برفباری کے نہ ہونے سے کیا نقصان ہو سکتا ہے؟موسمیاتی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھنے والے ماہر ماحولیات محمد توحید نے وی نیوز کو بتایا کہ ملک میں موسم سرما کا دورانیہ سکڑ رہا ہے جبکہ موسم گرما کا دورانیہ بڑھتا جا رہا ہے، جس کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلیاں ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں رواں ماہ ڈینگی خطرناک صورت اختیار کرسکتا ہے، محکمہ موسمیات کی وارننگ
’موسم میں کافی تغیرات وقوع پذیر ہورہے ہیں، مغربی ہواؤں کا سلسلہ، مون سون کا اختتام ان سب میں تبدیلی دیکھی گئی ہے، جس نے موسم سرما کی بارشوں اور برفباری کے معمول کے سلسلے کو شدید متاثر کیا ہے۔‘
محمد توحید کے مطابق پاکستان میں اوسط درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، جس سے سرد کی شدت اور دورانیہ دونوں میں کمی ہوئی ہے، پاکستان کے بہت سے شہروں میں اب سردی اس طرح سے محسوس نہیں ہو رہی جیسے ہوا کرتی تھی، سردیوں کی فصلوں کی پیدا بھی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات کا ملک میں زلزلہ کی پیش گوئیوں سے متعلق بیان
’فصلوں کی کاشت اور کٹائی کا دورانیہ بدل رہا ہے، برفباری میں کمی سے جہاں پانی کی قلت ہوگی، وہیں غیر متوقع متغیرات وائرس اور بیکٹریا پھیلنا شروع ہو جاتے ہیں، جبکہ برفباری نہ ہونے سے پہاڑی علاقوں میں سیاحت متاثر ہوگی، یعنی لوگوں کا روزگار متاثر ہوگا۔‘
محمد توحید کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت کی تبدیلی سے شدید تمام تر عمومی مظاہر قدرت متاثر ہوتے ہیں اور اگر بروقت انتظامات نہ کیے گئے تو وقت کے ساتھ ساتھ 4 کے بجائے صرف ایک ہی موسم رہ جائے گا یعنی موسم گرما۔‘
مزید پڑھیں: موسمیاتی تبدیلیاں تباہی پھیلانے لگیں، ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنا ناگزیر
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسم کی دوسری ششماہی کے دوران گرم درجہ حرارت اور معمول سے کم بارشیں اسلام آباد اور راولپنڈی میں پولن سیزن کے قبل از وقت آغاز کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسلام آباد بارشیں برفباری بیکٹریا پولن سیزن درجہ حرارت راولپنڈی محکمہ موسمیات وائرس.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسلام آباد بیکٹریا پولن سیزن راولپنڈی محکمہ موسمیات وائرس ایڈوائزری میں محکمہ موسمیات مزید پڑھیں علاقوں میں کا امکان متاثر ہو کے مطابق معمول سے نہ ہونے میں بھی رہا ہے
پڑھیں:
شعبان المعظم کا چاند کب نظر آئے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق شعبان کا چاند 30 جنوری بروز جمعرات نظر آنے کا قوی امکان ہے، چاند کی پیدائش 29 جنوری کی صبح 5 بجکر 36 منٹ پر ہوگی۔ اسلام ٹائمز۔ محکمہ موسمیات نے شعبان المعظم کے چاند کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعبان کا چاند 30 جنوری بروز جمعرات نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق شعبان کا چاند 30 جنوری بروز جمعرات نظر آنے کا قوی امکان ہے، چاند کی پیدائش 29 جنوری کی صبح 5 بجکر 36 منٹ پر ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 4 منٹ ہوگی، چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 57 منٹ تک رہنے کا امکان ہے۔