علم کی روشنی نئی نسل کے لیے امید کی کرن ہے،وزیراعظم کاتعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقع پرپیغام
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ آج تعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقع پر، ہم ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ قدم سے قدم ملاتے ہوئے افراد اور کمیونٹیز کو بااختیار بنانے میں تعلیم کے اہم کردار کو تسلیم کر رہے ہیں۔
اس سال کے تعلیم کے بین الاقوامی دن کا موضوع “مصنوعی ذہانت اور تعلیم: خودکاری کی دنیا میں انسانی عوامل کا تحفظ،” کے تحت ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ مصنوعی ذہانت میں پیش رفت ہماری انسانیت کی خدمت کے لئے ہماری مشترکہ کوششوں میں ہماری مدد کرے۔
جیسے جیسے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے نظام تیزی سے ہماری زندگیوں میں ضم ہو رہے ہیں، انسانی مداخلت اور مشین سے چلنے والے اعمال کے درمیان کی سرحدیں دھندلا رہی ہیں۔ یہ صورتحال ہماری لئے مواقع اور چیلنجز دونوں فراہم کر رہی ہے۔ یہاں یہ اہم سوال انتہائی اہم ہے کہ آٹومیشن کی بڑھتی ہوئی لہر کے درمیان ہم انسانی عوامل کو کیسے برقرار رکھ اور بڑھا سکتے ہیں؟
ہم سب تسلیم کرتے ہیں کہ تعلیم کی تبدیلی کا اصل محرک ہے طاقت کو جو نوجوانوں کو ترقی پذیر تکنیکی منظر نامے میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے تیار کرتی ہے۔ تنقیدی سوچ، اختراع، اور اخلاقی ذمہ داری کو فروغ دے کر، ہم اپنے شہریوں کو نہ صرف تکنیکی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے آلات سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں بلکہ انھیں ایسے طریقے تشکیل دینا چاہتے ہیں جو ہماری اقدار کو برقرار رکھیں، ہماری آزادیوں کی حفاظت کریں، اور ہمارے معاشرے کو آگے بڑھائیں۔
ہم نے اپنے تعلیمی اداروں کو تکنیکی ترقی کو قبول کرنے کے لیے تیار کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان اقدامات میں انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کی تعلیم دینے والے کالجوں میں ہائی-امپیکٹ آئی ٹی لیبز کا قیام، دیہات میں موجود آئی سی ٹی اسکولوں میں ڈیجیٹل ہب، گوگل سینٹر آف ایکسی لینس، اسمارٹ کلاس رومز، اور ای۔ -تعلیم پورٹل وغیرہ شامل ہیں
مزید برآں، ہم نے اختراع کو فروغ دینے کے لیے ایک روزگار مراکز، سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارکس ، روبوٹکس اینڈ مائینڈ گیمز، اور اسٹیم لیبز جیسے منصوبے شروع کئے ہیں ۔ یہ ضروری ہے کہ ہمارے اسکول ہمارے بچوں کو مطلوبہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہوں۔
آج کے دن جب کہ ہم ایک ایسے تعلیمی نظام کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جو انسانی تخلیقی صلاحیتوں، ہمدردی اور مقصد کے جوہر کی حفاظت کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے نظام کو اپنا رہا ہے ، میں اپنے معلمین اور شراکت داروں کی محنت کا اعتراف کرنا چاہوں گا جو کہ اپنی کوششوں سے ہماری زندگیوں کو منور کر رہے ہیں۔
آئیے ہم سب مل کر علم کی روشنی کے اس نیک مقصد کو آگے بڑھاتے رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تعلیم آنے والی نسلوں کے لیے امید کی کرن بنی رہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: تعلیم کے بین الاقوامی دن مصنوعی ذہانت کرنے کے لیے
پڑھیں:
پاکستان خوشحالی اور ترقی کے سفر کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے،وزیراعظم
بھمبر: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان خوشحالی اور ترقی کے سفر کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ، افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی کشمیر کاز سے وابستگی غیرمتزلزل ہے۔
آزاد کشمیر میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خوشی کا مقام ہے کہ آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، یہ وہ اسکول ہیں، جس کی بنیاد میرے قائد میاں نواز شریف کی سربراہی میں ہم نے پنجاب میں رکھی، ان دور افتادہ علاقوں کےلیے، ان ماؤں کے بیٹوں اور کے لیے جو انتہائی ذہین ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے والدین کے پاس وہ مالی وسائل نہیں تھے جس سے وہ اپنے بچوں کو پڑھا لکھا کر پاکستان کے عظیم معمار بنا سکتے، اور اگر یہ دانش اسکول معرض وجود میں نہ آتے تو وہ انتہائی قابل بچے اور بچیاں اپنے دور افتادہ دیہات کی گلیوں اور محلوں کی دھول میں گم ہو جاتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ نے موقع دیا، آج وہ بچے انجینئرز اور ڈاکٹرز بن گئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو ہمارے مائیں، بزرگ، نوجوان جو آزدای کی جنگ لڑ رہے ہیں، اور کشمیر کی وادی ان کے خون سے سرخ ہو گئی ہے، وہ بھی آج بہت خوش ہوں گے ہمارے بچے، بیٹے اور بیٹیاں آزاد کشمیر میں علم و دانش کے گہوارے میں تعلیم حاصل کریں گے اور عظیم کشمیری اور پاکستانی بنیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایچی سن جیسے کالجز میں امرا کے بچوں کے علاوہ غریب کا بچہ داخلہ نہیں لے سکتا، اس سے بھی بہتر دانش اسکولوں میں یتیم بچے، غریب ماں باپ کے بچے اعلیٰ ترین تعلیم حاصل کر رہے ہیں، یہی وہ نقطہ ہے جس کو اگر ہم پا جائیں تو تعلیم کا انقلاب آجائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وہ علاقے جہاں پر ایسی تعلیم و تربیت کی درسگاہیں موجود نہیں ہیں، وہاں پر حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کا جال بچھا دیا جائے گا، بچیوں کے لیے مکمل طور پر الگ سینٹر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ دانش اسکول ان بچوں اور بچیوں کے لیے ہوگا، جن کے والدین اعلیٰ تعلیم کے وسائل مہیا نہیں کرسکتے یا خدانخواستہ جن کے والد یا والدہ اس دنیا سے کوچ کر گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں نے ہدایت کی ہے کہ ایک سال میں یہاں دانش اسکول چل جائے، یہ اربوں روپے کے منصوبے ہیں، 100 فیصد اخراجات وفاق برداشت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں پر جو ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، بھارت کی فوجیں وہاں جس طرح قابض ہیں، وہاں کے بھائیوں اور بہنوں کی پاکستان نے ہمیشہ سفارتی، اخلاقی ان کو مدد کی ہے، خود آنجہانی نہرو نے کہا تھا کہ کشمیریوں کو ان کا حق دلوائیں گے، ان کا وعدہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی اس حوالے سے کمٹمنٹ ہے، اس کی کوئی مثال نہیں ہے، ان کی کشمیر کاز سے وابستگی غیرمتزلزل ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا دل گواہی دیتا ہے کہ ایک دن کشمیر ضرور آزاد ہوگا، اور وہ آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں گے، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے معاشی چیلنجز میں آہستہ آہستہ بہتری آرہی ہے، حکومت دن رات ان مسائل کو حل کرنے کے لیے کوشش کر رہی ہے، ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے، سرمایہ کار کے لیے قرضے کی لاگت میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے اگلے 10 برس میں 20 ارب ڈالر مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے، پاکستان خوشحالی اور ترقی کے سفر کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، یہ اس لیے ممکن ہوا کہ اتحاد، اتفاق اور یکسوئی ہے، ہم نے پاکستان کی تمام مشکلات کو بڑی دلیری، حکمت سے حل کیا اور کر رہے ہیں۔