صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات کو نئی جہت ملے گی: محسن نقوی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
واشنگٹن ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وفاقی وزیر محسن نقوی نے امریکی کانگریس مین جو ولسن اور کانگریس مین روب بریسنہان سے الگ الگ ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکا تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران ملاقات پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران علاقے میں پائیدار امن کے قیام خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، ملاقاتوں میں پاک امریکا تعلقات کو مزید فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و ثقافتی وفود کے باہمی تبادلے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک امریکا تعلقات کے فروغ کے لئے ہر سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کانگریس مین جو ولسن اور کانگریس مین روب بریسنہان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا انتہائی اہم سٹریٹجک پارٹنر ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خطاب یقیناً عالمی امن اور تنازعات کے حل میں انتہائی حوصلہ افزا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کیلئے امن کی امید بنے ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈیفالٹ کا خواب دیکھنے والے ملک دشمن ٹولے کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی: وزیراعظم
مزید :.ذریعہ: Daily Pakistan
کلیدی لفظ: میں پاک امریکا تعلقات کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ محسن نقوی نے کانگریس مین
پڑھیں:
محسن نقوی کی ارکان کانگریس سے ملاقات، امریکہ کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر اتفاق
واشنگٹن+اسلام آباد (این این آئی+اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں امریکی کانگریس کے ارکان سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی اور کانگریس مین جیک برگمین سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی کا تعلق ڈیموکریٹک جبکہ کانگریس مین جیک برگمین کا ری پبلکن پارٹی سے ہے۔ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی اور پاک امریکا تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کانگریس مین تھامس سوازی اور کانگریس مین جیک برگمین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا انتہائی اہم معاشی و دفاعی شراکت دار ہے۔ پاکستان کے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے امریکی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور امریکا کے ساتھ تمام شعبوں میں مزید اشتراک چاہتے ہیں۔ آپ کے دورہ پاکستان سے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ کانگریس مین تھامس سوازی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ جلد پاکستان کا دورہ کروں گا۔ ملاقات میں30 اپریل کو پاکستانی کاکس کانفرنس واشنگٹن ڈی سی میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔