سندھ حکومت کا ’’تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری‘‘ شروع کرنیکا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
کراچی:
محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ نے سیاحت و ثقافت کے فروغ کے لیے ’’تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری‘‘ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت ایسوسی ایشن آف کراچی ٹوئر آپریٹرز کا اجلاس ہوا جس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ٹوئرز آپریٹرز نے شرکت کی۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فروری کے دوسرے ہفتے میں کراچی سے کھوکھراپار تک تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا سفر ہوگا۔ سیاح تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری سے کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، چھور اور کھوکھراپار تک سیاحت و ثقافت کے رنگ دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت اور سیاحت کو اجاگر کرنے کے لیے تھر ٹرین ڈیزرٹ سفاری اچھا فیصلہ ثابت ہوگا۔ تھرپارکار میں ہم جلد جیپ ریلی کا انعقاد بھی کرنے جا رہے ہیں۔ لاڑکانو میں دو روزہ لاہوتی فیسٹیول محکمہ ثقافت و سیاحت کے تعاون سے 15 فروری سے شروع ہوگا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹوئرز آپریٹرز اور کمپنیز کو سندھ میں سیاحتی مقامات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سندھ کی سیاحت و ثقافت کو فروغ دے رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں تسلسل کیساتھ حادثات سانحات کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتے ہیں، فاروق ستار
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینئر راہنما کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ ڈمپر مافیا کی پُشت پناہی کے بجائے عام شہریوں کی جان کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ رہنما ایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سندھ مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے تاکہ ورثاء کی دادرسی ہوسکے۔ اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم کے سینئر راہنما فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں تسلسل کے ساتھ ہونے والے حادثات سانحات کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے ڈمپر گردی کا شکار ہونے والے سرجانی ٹاؤن کے رہائشی عدنان کی نماز جنازہ میں شرکت کی، ڈاکٹرفاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ ڈمپر مافیا کی پُشت پناہی کے بجائے عام شہریوں کی جان کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ رہنما ایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سندھ مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے تاکہ ورثاء کی دادرسی ہوسکے۔