قتل کی واردات میں مطلوب اشتہاری مجرم مسقط سے گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
لاہور:
پنجاب پولیس اسپیشل آپریشن سیل نے قتل کی واردات میں مطلوب اشتہاری مجرم کو بیرون ملک سے گرفتار کرلیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اشتہاری منصف علی گوجرانوالہ پولیس کو قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا، مجرم منصف نے 2023ء میں شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
مجرم قتل کی واردات کے بعد مسقط فرار ہوا تاہم پنجاب پولیس نے مسلسل فالو اَپ جاری رکھا۔ رواں سال کے 22 دنوں میں پانچواں مفرور اشتہاری بیرون ملک سے گرفتار کر کے پاکستان منتقل کیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اشتہاری کی گرفتاری پر آر پی او گوجرانوالہ و پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے اسپیشل آپریشن سیل کو مزید اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن تیزی سے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ انٹرپول اور ایف آئی اے کے ساتھ تعاون سے سنگین جرائم میں ملوث مزید اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرکے واپس لایا جائے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اشتہاری مجرم
پڑھیں:
ایس پی یو پنجاب پولیس کا ٹیسٹ: اصل امیدواروں کی جگہ دوڑنے والے چار افراد گرفتار
لاہور:ایس پی یو پنجاب پولیس کی بھرتی کے عمل میں اصل امیدواروں کی جگہ دوڑنے والے چار امیدواران کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین ریکروٹمنٹ بورڈ ڈی آئی جی سید حماد عابد کی قیادت میں ایس پی یو پنجاب پولیس کی بھرتی کا عمل شفافیت کی بنیاد پر جاری ہے، ایس پی یو پنجاب پولیس کی بھرتی کے سلسلے میں اصل امیدواروں کی جگہ دوڑنے والے چار امیدواران کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈی آئی جی سید حماد عابد کے مطابق ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا، بھرتی کا عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوگا، بھرتی میں دیانت داری، شفافیت اور پیشہ وارانہ معیار کو ترجیح دی جائے گی، ہمارا مقصد ایسے اہل اور فرض شناس افراد کا انتخاب کرنا ہے جو قوم کی خدمت اور عوام کے تحفظ کے جذبے سے سرشار ہوں۔