اسداللہ بھٹو کی جے یوآئی سندھ کے رہنماء تاج محمد ناہیوں سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
کراچی/حیدرآباد (رپورٹر)جماعت اسلامی کے سینئر مرکزی رہنماء اسداللہ بھٹو کی قیادت میں جماعت اسلامی سندھ کے وفد نے جے یو آئی سندھ کے رہنما تاج محمد ناہیوں سے ملاقات اور انہیں 26 جنوری کو حیدرآباد میں جماعت اسلامی کے تحت دریائے سندھ سے 6نہریں نکالنے اور سندھو اور زراعت کو درپیش خطرات کے حوالے منعقدہ پانی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر اسداللہ بھٹو نے کہا کہ سندھ میں زراعت کا دارومدار نہری پانی پر ہے جو ہر گزرتے سال کے ساتھ کم ہو رہا ہے،سندھ کو 91پانی کے معاہدے کے مطابق اپنے حصے کا جائز پانی بھی نہیں دیاجارہا جس کی وجہ سے کئی اضلاع میں ہزاروں ایکڑ کھڑی فصلیں تباہی کا شکار اور سمندر کا پانی ٹھٹہ اور بدین کی لاکھوں ایکڑ زمینیں ہڑپ کرچکا اور آبی حیات کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ دریائے سندھ پر مزید نئے کینال تعمیر کرنے سے نہ صرف سندھ بلکہ بلوچستان اور پنجاب کے سرائیکی بیلٹ کے کسان بھی پانی کی کمی کا شکار ہو نگے اسلئے ایسے کسی بھی متنازعہ منصوبے پر عمل نہ کیا جائے جس سے پاکستان کے استحکام اور ملی یکجہتی کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ 26جنوری کو حیدرآباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام’’پانی کانفرنس‘‘ میں تمام سیاسی، سماجی، مذہبی جماعتوں، وکلاء اور صحافیوں کی تنظیموں کے ساتھ ملکر سندھ کے پانی ،قیمتی زمینوں اور معدنی وسائل کے تحفظ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنایاجائے گا۔ اس موقع پر جے یوآئی رہنماء مولانا تاج محمد ناہیوں نے پانی کانفرنس کے انعقاد کو سراہا اور اپنی جماعت کی جانب سے بھرپور شرکت کی یقین دہانی بھی کروائی۔ سابق امیر صوبہ محمد حسین محنتی، نائب قیم مولانا عبدالقدوس احمدانی اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی سندھ کے
پڑھیں:
جماعت اسلامی کے امیر کی دوحہ میں حماس کے سربراہ اور قائدین سے ملاقات
حماس کے سربراہ حسن درویش نے اہل فلسطین کی جانب سے جماعت اسلامی پاکستان اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان نے ماضی میں بھی امت کے مسائل کے حل کے لئے قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ہم ان سے کلیدی کردار کی توقع رکھتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے دوحہ قطر میں حماس کے سربراہ حسن درویش، سابق سربراہ خالد مشعل، مرکزی رہنما ڈاکٹر خلیل الحیہ اور دیگر مرکزی قائدین سے ملاقات کی۔ جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے اور پندرہ ماہ تک مکمل ثابت قدمی کے ساتھ مزاحمت کرنے پر اہل غزہ اور حماس کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے لاکھوں کارکنان اہل غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے موجود رہے ہیں۔ الخدمت فاونڈیشن کل بھی اہل غزہ کے شانہ بشانہ تھی اور آئندہ بھی رہے گی، پاکستان کے عوام غزہ کی تعمیر نو میں اپنا فرض ادا کریں گے۔ ہم اس اہم موڑ پر اہل پاکستان کی جانب سے اظہار یکجہتی کے لئے حاضر ہوئے ہیں۔ ہم اسماعیل ہنیہ، یحیی سنوار اور غزہ کے ساٹھ ہزار شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ حماس اور اہل غزہ نے پوری امت کے لئے ایک قابل تقلید مثال پیش کی ہے۔
حماس کے سربراہ حسن درویش نے اہل فلسطین کی جانب سے جماعت اسلامی پاکستان اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان نے ماضی میں بھی امت کے مسائل کے حل کے لئے قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ہم ان سے کلیدی کردار کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد غزہ کے عوام لاکھوں کی تعداد میں اپنے تباہ حال گھروں کو واپس لوٹیں گے۔ بحالی اور تعمیر نو کے کام میں ہم پاکستان کی حکومت اور عوام سے تعاون کی امید رکھتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ہر فورم پر فلسطین کی آزادی کی آواز اٹھا تے رہیں گے۔ بین الاقوامی شہرت رکھنے والی ممتاز شخصیات کا ایک وفد تشکیل دیا جائے گا جو بعض اہم ممالک کا دورہ کرے گا۔ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اسرائیل اپنے جنگی اہداف کے حصول میں ناکام رہا ہے۔ فلسطین کی سرزمین مکمل طور سے فلسطینیوں کا وطن ہے۔ فلسطین کی سرزمین پر صرف ایک ریاست کا جائز وجود ہے اور وہ فلسطین ہے۔ فلسطین کی سرزمین کے ایک انچ پر بھی اسرائیل کا وجود ناقابل قبول ہے۔ فلسطین اور القدس کی مکمل آزادی تک اہل فلسطین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔