بنیادی سہولیات لوگوں تک پہنچانے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، انور عباس
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سچل سرمست ٹائون یو سی 89کے یو سی چیئرمین انور عباس نے کہا ہے کہ بنیادی سہولیات لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں تاکہ یہاں کے لوگوں کا معیارِ زندگی بلند کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو سی میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین انجینئر طارق اعوان، جنرل کونسلر وارڈ فور محمد جمیل عطاری کے علاوہ علاقہ مکین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ یو سی کے چاروں وارڈز میں کچی گلیوں کو پکا کیا جائے گا۔ ترقیاتی کاموں سے جہاں علاقے کی ترقی ہوگی، اس کے ساتھ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میئر بلدیہ، ٹائون چیئرمین سچل سرمست گجراتی پاڑہ، ٹنڈو یوسف، گلشن حامد، گلشن رئیس جیسے پسماندہ علاقوں کے لیے خصوصی فنڈز ریلیز کریں تاکہ ان علاقوں میں بھی نکاسی و فراہمی آب ،روڈ گلیاں و دیگر ترقیاتی کام کرائے جائیں، کیونکہ ہمارے وسائل محدود ہیں، ترقیاتی کاموں کے شروع ہونے پر علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
ایس آئی یو ٹی کا تاریخی اقدام؛ پاکستان کا پہلا بچوں کا جدید ترین طبی مرکز کا افتتاح
کراچی:سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) نے بچوں کے دل اور گردے کے علاج میں ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے "مریم بشیر داؤد چلڈرن اسپتال" کا افتتاح کر دیا ہے، جو پاکستان کا پہلا سرکاری سطح پر بچوں کا جدید ترین طبی مرکز بن گیا ہے۔
ایس آئی یوٹی کے زیرانتظام یہ نیا اسپتال مرکزی عمارت کے قریب واقع ہے اور اس کی تعمیر میں معروف مخیر شخصیت بشیر داؤد کے خاندان نے 7 ارب روپے سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔
علاوہ ازیں سندھ کی صوبائی حکومت کی جانب سے بھی مزید فنڈنگ متوقع ہے تاکہ اس منصوبے کو مزید وسعت دی جا سکے۔
کراچی میں قائم 14 منزلوں پر مشتمل اس جدید اسپتال میں بچوں کے لیے دل کے آپریشن، ڈائیلاسز، یورولوجی اور دیگر پیچیدہ سرجری کی جدید ترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں، اسی طرح ماڈیولر آپریٹنگ تھیٹرز، ہائبرڈ کارڈیک کیتھ لیب اور جدید آئی سی یوز جیسی سہولیات کے ساتھ یہ اسپتال بچوں کو عالمی معیار کی نگہداشت فراہم کرے گا۔
ایس آئی یو ٹی کے بانی پروفیسر ادیب رضوی کے فلسفے کے مطابق اس اسپتال میں تمام طبی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی۔
ان کا ماننا ہے کہ صحت ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور کسی بھی طبقے کی میراث نہیں ہونی چاہیے،"مریم بشیر داؤد چلڈرن اسپتال" صرف ایک طبی ادارہ نہیں بلکہ یہ اس عزم کی علامت ہے کہ پاکستان کے ہر بچے کو معیاری اور مفت طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔
ایس آئی یو ٹی کے ذرائع کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً 80 ہزار سے ایک لاکھ بچے دل اور گردے کی پیدائشی بیماریوں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ بیماریاں نہ صرف جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں بلکہ بچوں کو معذوری کی طرف بھی لے جا سکتی ہیں۔