سکھر ،پریم یونین کی ادارے کی نجکاری کیخلاف احتجاجی ریلی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان ریلوے ایمپلائز پریم یونین (سی بی اے) نے “ریلوے کی ممکنہ نجکاری ملک سے غداری” کے عنوان سے تحریک کے اگلے مرحلے میں ملک گیر احتجاجی ریلیوں کے سلسلے میں ریلوے اسٹیشن سکھر سے ڈی ایس آفس تک احتجاجی ریلی نکالی، ریلی کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل خیر محمد تنیو کر رہے تھے، جبکہ پریم کے ڈویژنل صدر اختر علی عباسی، ڈویژنل جنرل سیکرٹری سید عاشق علی شاہ ، ڈویژنل نائب صدر محمد بخش خاکی، لوکو زون کے صدر محمد اسحاق بلو اور لوکو رننگ زون کے صدر مسعود احمد مہر ساتھ تھے۔ریلی کے شرکا سے خیر محمد تنیو نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ پاکستان ریلوے کی نجکاری اور نئی پنشن اصلاحات کے کالے قانون کو فوری طور پر ختم کیا جائے، ایک ملک میں دو نظام نہیں چل سکتے، کچھ اداروں اور پارلیمنٹ ممبران کی تنخوائیں اور الائونسز اور مراعات میں لاکھوں روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور دوسری جانب ملک میں معیشت خراب ہونے کا بہانا بنا کر غریب مزدوروں کے بچوں کا نوالہ چھینا جارہا ہے، ملک کے حساس اور ملکی وحدت کی نشانی والے قومی اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے جس سے ملک میں غربت کا ایک نیا طوفان آجائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج ہم نے پورے ملک کی طرح سکھر میں بھی پر امن احتجاج کیا ہے، ہمارے جائز مطالبات نہیں تسلیم کیے گئے اور مزدور دشمن پالیسیاں ترک نہیں کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا اور حکمرانوں کو مجبور کیا جائے گا کہ مزدور دشمن اقدامات واپس لے۔ اس موقع پر اختر علی عباسی نے کہا کہ پورے ملک کی طرح ریلوے سکھر ڈویژن کا مزدور اس تحریک میں ہراول دستے کا کردار ادا کرے گا۔ریلی سے دیگر رہنماؤں سید عاشق علی شاہ، مسعود احمد مہر، محمد اسحاق بلو، وسیم شیخ اور سمیع اللہ بلوچ نے بھی خطاب کیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی: وال چاکنگ کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ
کراچی: میئرکراچی مرتضی وہاب نے پولیس چیف سے شہر قائد میں وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی درخواست کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق پولیس چیف نے میئرکراچی کی درخواست کے بعد پولیس آفسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ وال چاکنگ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔
پولیس حکام نے واضح کیا کہ کراچی کی دیواروں پر وال چاکنگ سمیت غیرضروری پیٹنگز اور اشتہارات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس حکام نے مزید کہاکہ کراچی میں وال چاکنگ سے شہر کا حسن بگاڑنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے گا، لہذا شہری کراچی کی دیواریں گندی کرنے سے اجتناب کریں۔