کندھکوٹ، دشمنی پر بدنام ڈاکو کابھائی قتل،2 دیہاتی زخمی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) کندھکوٹ کے قریب غوثپور کے کچے میں دو فریقین میں دیرینہ دشمنی پر بدنام ڈاکو کا بھائی قتل اور دو دیہاتی زخمی ڈاکوؤں نے قتل کے بدلے میں مخالفین کے 8افراد کو اٹھا لیا، اٹھانے کی ویڈیو وائرل۔تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ کے قریب پولیس تھانہ کچو کیٹی کی حدود گاؤں یار محمد اوگاہی میں دو فریقین کے درمیان چلنے والی دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کا تبادلہ، فائرنگ کی وجہ سے بدنام زمانہ ڈاکو سوڈھو نصیرانی کا بھائی علی حسن نصیرانی ہلاک ہو گیا جبکہ دو دیہاتی نثار اوگاہی اور فیضو اوگاہی زخمی ہو گئے ،زخمیوں کو رورل ہیلتھ سینٹر غوثپور لایا گیا جبکہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے گئے۔ اس واقعے کے کچھ ہی دیر بعد مسلح ڈاکوؤں نے اوگاہی قبیلے سے تعلق رکھنے والے 8 افراد کو اٹھا کر لے گئے اس حوالے سے ڈاکو سوڈھو نصیرانی نے 8 افراد کو اٹھا کر لے جاتے ہوئے ویڈیو بنائی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں ڈاکو اسلحہ کے ساتھ 8 افراد کو اٹھا کر لے جاتے ہوئے دکھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوگاہی قبیلے نے دوسری مرتبہ بڑی زیادتی کی ہے میں ان 8 افراد کو قتل کروںگا ایک کو بھی نہیں چھوڑوںگا۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ اوگاہی قبیلے نے بھی مخالفین کے چار افراد کو اٹھا کر یرغمال بنا رکھا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کے دو فریقین کے درمیان چلنے والی دشمنی کے باعث یہ واقعہ پیش آیا ہے دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے لوگوں کو اٹھایا ہے پولیس دونوں فریقین کیخلاف قانونی کارروائی کرے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
پولیس مقابلہ:50وارداتوں میں ملوث ڈاکو گرفتار،دو فرار
پولیس مقابلے میں سنگین وارداتوں میں ملوث ایک ڈاکو گرفتار، دوفرار ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق گائوں 14/1Rبرساتی میں تین مسلح ڈاکو شہری اطہر شاہ سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل ، نقدی اور موبائل چھین کر فرار ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس نے ڈاکووں کا تعاقب کیا، برساتی کے نزدیک ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی مختلف اطراف سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دیا، پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجہ میں ایک خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا،جسے گرفتار کر لیا گیا۔ دوڈاکو رات کی تاریکی کا فاہدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ڈاکو کے قبضہ سے چھینی گئی موٹر سائیکل ، نقدی اور اسلحہ برآمدکر لیا گیا، ابتدائی تفتیش میں خطرناک ڈاکو کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی، عمران سرقہ، راہزنی اور ڈکیتی جیسے 50سنگین جرائم میں ملوث پایا گیا۔