کراچی: رقم کے لین دین کا تنازع، تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
شاہ لطیف کے علاقے میں رقم کے لین دین کے تنازعے پر تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف کے علاقے مشین ٹول فیکٹری کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 32 سالہ قائم دین ولد لونگ کے نام سے کی گئی۔ مقتول بھینس کالونی روڈ نمبر6 پر چارے کا کاروبار کرتا تھا دوبچوں کاباپ تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق اندرون سندھ ہالا سے تھا ۔مقتول کو علاقے کے رہائشی دانش حمائتی نے مبینہ طور پر قتل کیا ہے۔
لواحقین کی جانب سے ملزم دانش حمائتی کو مقدمے میں نامزد کیا گی۔ملزم دانش دو روز قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آیا تھا ، مقتول کا ملزم سے لین دین پرجھگڑا ہوا تھا، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: مختلف علاقوں میں ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے
شہر قائد میں بڑھتے اسٹریٹ کرائم کے خلاف عوام خود میدان میں آگئے۔ مختلف علاقوں میں لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکو عوام نے پکڑ لئے جن کو تشد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھینس کالونی روڈ کے قریب ایک شہری اے ٹی ایم سے رقم نکال رہا تھا کہ اسی دوران چار مسلح افراد نے اسے لوٹنے کی کوشش کی۔ واردات کے بعد ڈاکو فرار ہونے لگے، تاہم متاثرہ شہری اور اس کے دوستوں نے پیچھا کر کے ایک ڈاکو کو قابو میں کر لیا اور شدید تشدد کے بعد مبینہ ڈاکو کو سکھن پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ملیر پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو کے قبضے سے مختلف کارڈز بھی برآمد کرلئے ہیں جس کے ذریعے ملزم کی شناخت محمد مجاہد کے نام سے کرلی ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب نیو کراچی سیکٹر 11-ای میں ایک مبینہ ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا۔
پولیس کے مطابق شہریوں کے ہاتھوں شدید تشدد کے باعث ملزم زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں ڈاکو کے قبضے سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوا۔ تاہم واردات کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔