عمران کی سزاپر اپوزیشن متحرک ، اگلے ماہ اے پی سی بلانے پر غور بڑی بیٹھک جلد ہی متوقع
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کو سزا کے بعد اپوزیشن جماعتیں بھی متحرک ہوگئی ہیں ،حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا گیاہے اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں نے رابطے بڑھا دیے ہیں ،سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اس سلسلے میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان اور محمود اچکزئی کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں ،مولانافضل الرحمان کاکرداربھی اہم ہوگا،بڑی بیٹھک کے لئے تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں اس حوالے سے آئندہ چند ہفتے اہم ہیں ۔
گرینڈ اپوزیشن الائنس نے اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بلانے پر غور شروع کر دیا جس میں موجودہ سیاسی، معاشی، آئینی اور سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن قیادت نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جمہوری قوتوں کو مشترکہ پلیٹ فارم کے تحت متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کا ایجنڈا آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو بحال کرنا ہے۔
کانفرنس میں وکلا ماہرین تعلیم، کسانوں، سول سوسائٹی سمیت مخلتف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا۔گرینڈ اپوزیشن الائنس دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر نہ صرف حکومت کی غفلت کے باعث ملک میں جاری بحرانوں پر غور کرے گا بلکہ اس سے نمٹنے اور ملک کو درست سمت میں گامزن کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر سے ملاقات میں اے پی سی بلانے کا معاملہ زیر بحث آیا، پچھلے کچھ دنوں سے، اپوزیشن اتحاد نے مختلف سیاسی جماعتوں اور رہنماوں سے رابطہ کیا ہے تاکہ ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کر کے مسائل سے نکلنے کا کوئی حل فراہم کیا جا سکے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری سے بھی رابطہ کر سکتا ہے اور انہیں اتحاد میں شامل ہونے کا کہہ سکتا ہے۔چونکہ فواد چوہدری کی پی ٹی آئی میں واپسی کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا ہے، اس لئے وہ گرینڈ اپوزیشن الائنس میں شامل ہو کرموثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
.ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: اپوزیشن اتحاد
پڑھیں:
سیاسی جماعتوں میں ثالثی کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، شاہد خاقان
اسلام آباد(آئی این پی)سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مجھے سیاسی جماعتوں میں کوئی ثالثی کا کہے گا تو کردار ادا کروں گا۔ ایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کل محموداچکزئی دعوت دینے آئے تھے، انہوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کی دعوت دی، میں نے کہا اپنی جماعت سے مشاورت کرنے کے بعد آپ کو آگاہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام آئین کے مطابق ہونا چاہیے، سیاسی جماعتیں مسائل کے حل کیلئے پارلیمان میں بات کریں، ملک میں آئین کی بالادستی ہونی چاہیے، پی ٹی آئی کی آرمی چیف سے ملاقات کا مجھے کوئی علم نہیں، میرے مطابق میٹنگ خیبرپختونخواکی سکیورٹی صورتحال پر تھی۔سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ 8فروری کوتحریک انصاف کے یوم سیاہ میں شرکت کی دعوت نہیں ملی، احتجاج آئین کے دائرے میں رہ کر کرنا چاہیے، ملک کے لیے بیٹھنا پڑے گا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگرمجھے کوئی ثالثی کا کہے گا توکرداراداکروں گا، مہنگائی کی شرح کم نہیں ہوئی، ملک میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی، ملک میں سرمایہ کاری نہ ہوناحکومت کی ناکامی ہے، نیب نے آج تک کسی کرپٹ آدمی کو نہیں پکڑا۔