آگ لگنے کی افواہ پر ٹرین سے اترنے والے دوسری ٹرین کی زدمیں آگئے،12مسافر ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ٹرین میں آگ لگنے کی افواہ کے نتیجے میں 12 مسافر ہلاک ہوگئے جبکہ مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹرا کے جل گاؤں میں ٹرین میں آتشزدگی کی افواہ پر مسافر خوف و ہراس کا شکار ہوئے اور متعدد نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگائی۔متاثرہ ٹرین سے اترنے والے مسافر پٹڑی کو پار کر کے دوسری ٹرین میں بیٹھنے کے خواہش مند تھے مگر زندگی نے اُن کا ساتھ نہیں دیا اور ٹرین نے متعدد کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
جلگاؤں کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیشور ریڈی نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔ یہ حادثہ ممبئی سے 400 کلومیٹر دور پچورا کے قریب مہیجی اور پردھاڈے اسٹیشنوں کے درمیان پیش آیا۔جس ٹرین میں آتشزدگی کی افواہ پھیلی اُس کا نام پشپک ایکسپریس ہے اور یہ لکھنؤ سے ممبئی کے درمیان چلتی ہے۔آتشزدگی کی افواہ پھیلتے ہی مسافروں نے زنجیر کھینچی تو ٹرین رک گئی جس کے بعد متعدد افراد نیچے اترے اور پٹڑی کراس کرنے کے دوران بنگلورو سے دہلی جانے والی کرناٹکا ایکسپریس کی زد میں آگئے۔
ریلوے کے سینئر اہلکار نے بتایا کہ پشپک ایکسپریس کی ایک بوگی میں چنگاریاں نکلنے کے بعد افواہ پھیل گئی تھی۔ جس پر مسافر خوف زدہ ہوئے۔حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی: ماڑی پور میں پرانے کپڑوں کے گودام میں آتشزدگی
فائل فوٹوکراچی کے علاقے ماڑی پور میں پرانے کپڑوں کے گودام میں آگ لگ گئی، آگ کو تقریباً ڈھائی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بجھا دیا گیا۔
آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے حصہ لیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں کوئی نقصان نہیں ہوا، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔