کچے کے ڈاکو آپے سے باہر، کندھ کوٹ سے ایک ہی برادری کے 8 افراد اغوا
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
کچے کے ڈاکو آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے سندھ کے ضلع کندھ کوٹ سے 8 افراد کو اغوا کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کندھ کوٹ کے تھانہ غوثپور کی حدود میں مسلح ڈاکوؤں نے اوگاہی قبائل سے تعلق رکھنے والے 8 افراد کو اغوا کرلیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو تمام شہریوں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بناکر کچے کی طرف روانہ ہوئے جبکہ واردات سوڈھو نصیرانی ڈکیت گروپ نے کی۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں نے سوڈھو نصیرانی کے بھائی کے قتل کے بعد اوگاہی برادری کو اٹھایا اور پھر اُن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اوگاہی برادری اور ڈکیت گروپ کے درمیان دیرینہ دشمنی ہے، اسی وجہ سے صبح ڈکیت گروپ کے سرغنے کا بھائی بھی قتل ہوا۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری کچے کی طرف روانہ ہوگئی جہاں ڈاکوؤں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ بھی ہوا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راجن پور: گزشتہ رات اغوا ہونے والے 3 مزدور واردات کے چند گھنٹوں میں بازیاب
راجن پور: پنجاب پولیس نے راجن پور میں گزشتہ رات اغوا ہونے والے تین مزدوروں کو واردات کے چند گھنٹوں کے اندر بازیاب کرالیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق راجن پور پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کچہ کے مجرمان کا تعاقب کیا۔ مغویوں کو کل رات تھانہ بنگلہ اچھا کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق اغواکار مغویان کو اندرون کچہ کی طرف لے کر جا رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے موثر پلاننگ کے ساتھ آپریشن کیا۔ اس دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی پیش قدمی اور بھرپور جوابی کارروائی کے باعث اغوا کار مغویان کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
راجن پور پولیس نے بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز اور بھاری اسلحہ کے ساتھ یہ آپریشن انجام دیا۔ مغویوں کی بازیابی پر ان کے ورثاء نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغوی مزدوروں کو بازیاب کروانے پر راجن پور پولیس کو شاباش دی ہے۔