Daily Ausaf:
2025-04-16@18:43:41 GMT

3 کھیل غیرشرعی قرار ، فتویٰ جاری

اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT

علمائے کرام نے 3جان لیوا کھیلوں کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ جاری کردیا۔

علما کی جانب سے جاری کیے گئے فتوے میں ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ کو غیر شرعی قرار دیا گیا ہے۔ فتوے کے مطابق ہر وہ عمل جو جان کو خطرے میں ڈالے غیر شرعی ہے۔ اسلام انسانی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔

فتوے میں علمائے کرام نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی، ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیل اسلام میں سخت ممنوع ہیں۔ یہ اعمال خودکشی کے مترادف ہیں۔دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے اسلام خود کو ہلاکت میں ڈالنے سے روکتا ہے۔ پتنگ کی ڈور، ہوائی فائرنگ کئی قیمتی جانیں ضائع کر چکی ہے۔ صرف 20 روز میں ون ویلنگ کرنے والے 151 افراد گرفتار کیے گئے ہیں جب کہ پتنگ بازی کرنے پر 150مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کے مرتکب 118ملزمان کو جیل بھیجا جا چکا ہے۔ پولیس جان لیوا کھیلوں کی روک تھام کے لیے سخت کارروائی جاری رکھے گی۔ والدین سے گزارش ہے بچوں کو غیر قانونی، غیر شرعی سرگرمیوں سے روکیں۔

.

ذریعہ: Daily Ausaf

کلیدی لفظ: ہوائی فائرنگ

پڑھیں:

لاہور: پتنگ بازوں کو گنجا کرنے پر پولیس نے عدالت میں معافی مانگ لی

لاہور:

پتنگ بازوں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو گنجا کرکے ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر پولیس نے عدالت میں معافی مانگ لی۔

لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈی آئی جی لیگل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فرہاد علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آئی جی پنجاب کا جواب ابھی تک کیوں نہیں آیا؟ اس موقع پر عدالت میں متعلقہ ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔

عدالت نے ڈی آئی جی فیصل کامران سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیوز پولیس کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود ہیں، کیا آپ کو ان کے بارے میں علم نہیں تھا؟ جس پر ڈی آئی جی نے جواب دیا کہ ویڈیوز اکٹھی آئی تھیں، اس لیے اندازہ نہیں ہو سکا۔

ڈی آئی جی فیصل کامران نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی اور کہا کہ آئندہ عدالت کے احکامات پر مکمل عمل ہوگا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرنا ٹھیک ہے لیکن انہیں گنجا کر کے ویڈیوز اپ لوڈ کرنا ناقابل قبول ہے، ایسا عمل دوبارہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

عدالت نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ کسی افسر نے ایسی ویڈیو اپ لوڈ کی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ڈی آئی جی لیگل نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ ایسا دوبارہ نہ ہو، جس پر عدالت نے کہا کہ اب کوشش کا وقت نہیں، عملدرآمد کا وقت ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے جواب پیش کیا جائے، عدالت نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور ہائیکورٹ کسی بھی قانونی عمل میں مداخلت نہیں کرے گی۔

درخواست گزار وشال شاکر نے پتنگ بازوں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کر کے ان کا سر مونڈ کر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کیخلاف درخواست دائر کی تھی، جسٹس علی ضیا باجوہ نے وشال شاکر کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

متعلقہ مضامین

  • آئی پی ایل میں امپائر اب ہر بیٹسمین کے بلے کیوں چیک کررہے ہیں؟
  • عراق میں قیامت خیز ریت کا طوفان! ہزاروں افراد اسپتال پہنچ گئے، ہوائی اڈے بند
  • ائیرلائن کی غلطی سے سعودی عرب میں پھنسے 60 عمرہ زائرین دوبارہ ٹکٹ لے کر وطن پہنچے
  • سندھ حکومت کا بڑا قدم ، خواجہ سراؤں کے لیے کھیلوں کے انعقاد کا فیصلہ
  • پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز کے آصف آفریدی نے منفرد ریکارڈ پر نظریں جما لیں
  • جہادی فتویٰ غامدی، موم بتی مافیا میں صف ماتم
  • لاہور: پتنگ بازوں کو گنجا کرنے پر پولیس نے عدالت میں معافی مانگ لی
  • جہاد کا فتوی، نیتن یاہو اینڈ کمپنی میں کہرام
  • آئی پی ایل 2025: امپائر نے کھیل کے دوران اچانک کھلاڑیوں کے بلّے کیوں چیک کئے؟
  • کراچی، کورنگی ڈھائی نمبر میں رات گئے بااثر افراد کی ہوائی فائرنگ