انسانی اسمگلنگ روکنے کیلئے20 سال بعد FIA ہیڈکوارٹر سے ایڈوائزری جاری
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے20 سال بعد ایف آئی اے ہیڈکوارٹر سے ایڈوائزری جاری ہوئی ہے۔
ایڈوائزری کے تحت 15 ممالک بشمول پاکستان اور آزاد کشمیر کے 9 شہر اور 2 غیر ملکی ایئر لائنز کے مسافروں پر کڑی نگرانی کی ہدایات کی گئی ہے۔
9 شہروں میں منڈی بہاء الدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، شیخوپورہ اور بھمبر شامل ہیں۔
ایڈوائزری میں پہلی بار بیرون ملک کے15 سے40 سال عمر کے مسافروں پر نگرانی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سعودیہ، آذربائیجان، ایتھوپیا،سینگال، کینیا، روس، مصر جانے والےمسافروں کی چھان بین کاحکم دیا گیا ہے۔
لیبیا، ایران، موریطانیہ، عراق، ترکیے، قطر، کویت اور کرغزستان جانے والے مسافروں کی پروفائلنگ کاحکم بھی سامنے آیا ہے، غیر ملکی ایئر لائنز میں ایک خلیجی اور ایک افریقی ایئر لائن شامل ہے۔
ایڈوائزری جولائی تا دسمبر آئی بی ایم ایس کے ڈیٹابیس کے تجزیے سے تیار کی گئی ہے۔
ایف آئی اے اجلاس میں ملکوں کے وزٹ، سیاحت، مذہبی یا تعلیمی ویزوں پر مسافروں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسافرں کے ریٹرن ٹکٹس، ہوٹل بکنگ سمیت تمام دستاویزات کی مکمل چھان بین کی جائے، وزٹ یا سیاحتی ویزوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ دستاویز کی چھان بین کریں۔
مشکوک مسافروں اور ان کے سفری مقصد اور مالی انتظامات کیلئے انٹرویو کریں، مشکوک مسافروں کا تفصیلی ریکارڈ رکھیں، کسی بھی بےقائدگی کی فوری اطلاع دیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کشتی حادثہ: انٹر پول نے 15 انسانی سمگلرز کیخلاف ریڈ نوٹسز جاری کردیئے
انٹر پول کی جانب سے کشتی حادثے میں ملوث 15 انسانی سمگلرز کیخلاف ریڈ نوٹسز جاری کردیئے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل موریطانیہ میں ہوئے کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے اور اس سلسلے میں اہم پیشرفت بھی سامنے آئی ہے جس کے تحت انٹرپول نے لیبیا، یونان اور موریطانیہ میں روپوش، یونان، لیبیا اور مراکش کشتی حادثے میں ملوث 15 انسانی سمگلرز کے خلاف ریڈ نوٹسز جاری کردیئے۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا ہے کہ تشکیل دی گئی ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے ان ممالک میں جائیں گی جب کہ کشتی واقعے کی تحقیقات کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزم انصر کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزم نے عامر نامی شہری کو سپین بھجوانے کے لیے اس سے 54 لاکھ روپے لیے تھے، متاثرہ نوجوان عامر موریطانیہ کشتی واقعہ میں خوش قسمتی سے زندہ بچ گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے، اجلاس میں انسانی سمگلروں کے خلاف اب تک کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایف آئی اے کو بیرون ملک انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندہ چلانے والے انتہائی مطلوب سمگلروں کی حوالگی کیلئے انٹرپول سے تعاون حاصل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2023ء اور دسمبر 2024ء کے انسانی سمگلنگ کے واقعات میں متعدد انسانی سمگلر گرفتار ہو چکے ہیں، انسانی سمگلروں کے 500 ملین روپے سے زائد کے اثاثے ضبط ہو چکے ہیں اور مزید ضبط کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے، انسانی سمگلروں کے استغاثہ کے عمل کیلئے خصوصی پراسیکیوٹر تعینات ہو چکے ہیں، متعدد سہولت کار سرکاری اہلکار برطرف ہو چکے ہیں اور کئی تادیبی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں، انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف تعزیری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔