وزیرِاعظم شہباز شریف کی زرعی شعبے میں تربیت کے لیے چین بھیجے جانے والے طلباء کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ پر زور
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے چین میں زرعی شعبے کی جدید تربیت کے لیے منتخب کیے جانے والے طلباء کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرِاعظم نے شکایات کے ازالے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا جو درخواستوں کی سکروٹنی اور انتخابی عمل کو مزید شفاف بنائے گی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس کی زرعی ترقی دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے دورہ چین کے دوران انہوں نے چینی قیادت سے پاکستانی طلباء کو زرعی شعبے میں جدید تربیت فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء کی تمام تعلیمی و تربیتی اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔ زرعی تربیت کے لیے چین جانے والے طلباء میں بلوچستان کے لیے 10 فیصد خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے تاکہ پسماندہ علاقوں کے طلباء بھی اس تربیت سے مستفید ہو سکیں۔
وزیرِاعظم نے اسلام آباد میں اس حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں انہیں بتایا گیا کہ زرعی شعبے سے وابستہ 1,287 طلباء نے شفاف طریقے سے پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کروائیں جن میں سے 711 طلباء طے کردہ معیار پر پورے اترے۔ ان طلباء میں بلوچستان اور گلگت بلتستان کے امیدوار بھی شامل ہیں۔
اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ تربیتی پروگرام کے تحت طلباء کو دو مرحلوں میں چین بھیجا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 300 طلباء مارچ 2025 میں چین روانہ ہوں گے۔ ان طلباء کو آبپاشی میں بہتری، مویشیوں کی بیماریوں کی تشخیص، افزائش نسل، جینیات، اور جدید بیجوں کی تیاری میں تربیت دی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں 400 طلباء رواں سال کے وسط میں چین جائیں گے، جہاں انہیں زراعت میں جدید مشینری، فصلوں کی افزائش، مصنوعی ذہانت، اور پھلوں و سبزیوں کی پراسیسنگ کے شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔
وزیرِاعظم نے چینی قیادت اور یونیورسٹیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاک چین دوستی کی اعلیٰ مثال ہے اور پاکستان کی زرعی ترقی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کے لیے
پڑھیں:
وزیر خزانہ نے جعلی حکومت کے جھوٹے دعوؤں کی حقیقت عوام کے سامنے رکھ دی، بیرسٹر سیف
پشاور:خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ ایک ذمہ دار شخصیت ہیں، جنہوں نے جعلی حکومت کے جھوٹے دعوؤں کی حقیقت عوام کے سامنے رکھ دی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کے اعترافی بیان پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ محمد اورنگزیب کے اعترافی بیان نے جعلی حکومت کے دعوؤں کا پول کھول دیا ہے، وزیر خزانہ نے مہنگائی کے بے قابو ہونے اور ایف بی آر میں کرپشن کا اعتراف کیا ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ایک پیج پر نظر نہیں آتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کے اعترافی بیان کے بعد کم از کم شہباز شریف کی آواز کو رنگ ٹون سے ہٹا دینا چاہیے، عوام نے شہباز شریف کی رنگ ٹون سن کر ایک دوسرے کو کال کرنا بھی چھوڑ دیا ہے۔ مارکیٹ میں خریداری کے دوران جب شہباز شریف کی رنگ ٹون بجتی ہے تو عوام آگ بگولہ ہو جاتے ہیں۔
مشیر اطلاعات کے پی کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت، جعلی دعوؤں کے بجائے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔