الخدمت کے تحت سکھر میں مفت آئی سرجری کیمپ کا انعقاد
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
سکھر (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے زیرِ اہتمام سکھر کے مدر چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر میں مفت آئی سرجری کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں 160 سے زائد مستحق افراد کی آنکھوں کی مفت سرجری کی گئی۔ اس کیمپ کا مقصد ضرورت مند اور مستحق افراد کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، اور یہ الخدمت فاؤنڈیشن کے خدمتِ خلق کے مشن کا اہم حصہ ہے۔ کیمپ میں الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن، ضلعی صدر رضا اللہ، امیر ضلع زبیر حفیظ شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز سندھ مامون الرشید باجوہ سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیمپ الخدمت کے اس عزم کا عملی مظاہرہ ہے اور ایسے پروگرامز کے ذریعے ہم مستحق افراد کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں۔ضلعی صدر رضا اللہ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا مقصد نہ صرف صحت بلکہ تعلیم، صاف پانی کی فراہمی، اور سماجی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں کام کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے پسماندہ علاقوں میں جدید موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے روزانہ سینکڑوں مستحق مریضوں کو ان کی دہلیز پرمفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔اس کے علاوہ الخدمت کے تمام اسپتالوں اورمیڈیکل سینٹرز پر خدمت کے جذبے سے سرشار عملہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ مامون الرشید باجوہ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کی بہتری کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے، اور ہم ایسے اقدامات کے ذریعے یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کوئی بھی سفید پوش طبی سہولیات سے محروم نہ رہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو فائدہ پہنچایا جا سکے اور ان کی زندگیوں کو بہتر بنایا جا سکے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: طبی سہولیات فراہم نے کہا کہ کے ذریعے
پڑھیں:
سندھ میں امن قائم نہ کرنے کی ذمے داری پی پی ہے،مجاہد چنا
سکھر(نمائندہ جسارت) سندھ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال 16 سال سے برسر اقتدار پیپلزپارٹی حکومت کی ناکامی ہے، اربوں روپے امن و امان اور ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے نام پر خرچ کرنے کے باوجود عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ جماعت اسلامی کی سکھر میں بدامنی و ڈاکوراج کے خلاف ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کے فیصلے کے مطابق 28جنوری کو سندھ بھر میں امن و امان کی ناکامی پر ایس ایس پی آفسز کے سامنے دھرنے دیئے جائیں گے۔یہ بات جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے سکھر پریس کے دورے کے موقع پر بات چیت کے دوران کہی۔ انہوں نے نومنتخب صدر پریس کلب آصف ظہیرخان لودھی ، جنرل سیکریٹری امداد بوزدار ودیگر عہدیداران کو مبارکباد اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ باب الاسلام اور پیار محبت و امن کی سرزمین ہے۔ عوام کے اصل اشوز سے توجہ ہٹانے اور کچے و پکے کی زمین پر قبضے سمیت پیپلزپارٹی کے اقتدار کو طول دینے کے لیے ڈاکو راج اور بدامنی کا بازار گرم کیا گیا ہے۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ چاروں طرف سیکیورٹی اداروں کے قلعے اور اربوں رپے خرچ کرنے کے باوجود لاکھو کی کی آبادی کو 50 ڈاکو یرغمال بناکر رکھیں۔ یہ ڈاکو کسی وڈیرے پولیس اور وزیر کے بیٹے کو کیوں نہیں اغوا کرتے؟ انہوں زور دیا کہ ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے اپنے بچوں شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ائینی و اخلاقی ذمے داری ہے۔