چیمپئنز ٹرافی کی تیاریاں تیز: آئی سی سی وفد قذافی اسٹیڈیم پہنچ گیا
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
لاہور:پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی2025 کی میزبانی کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ اس سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اعلیٰ سطح کے وفد نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں میگا ایونٹ کے سلسلے میں جاری تعمیراتی کاموں اور تزئین و آرائش کا جائزہ لیا۔
آئی سی سی وفد میں شامل اہم شخصیات میں ہیڈ آف ایونٹس سارہ ایڈگراور جی ایم کرکٹ وسیم خان نے اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت، پویلینز اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انفراسٹرکچر جواد قاضی نے اس موقع پر وفد کو تفصیلی بریفنگ دی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ تمام کام 30 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے ہوگا، جس میں دنیا کی بہترین ٹیمیں شرکت کریں گی۔ یہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور عالمی معیار کی کرکٹ کی علامت ہوگا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
سنیل گواسکر نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیدیا
بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے میدانوں پر کھیلنے کا بڑا فائدہ حاصل ہو گا۔
سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کیلئے میزبان ٹیم پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جانا چاہیے کیونکہ کسی بھی ٹیم کو ان کے اپنے ملک میں ہرانا بہت مشکل ہوتا ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ 2023ء میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت فائنل میں بھلے ہارا لیکن اس سے پہلے ایونٹ میں مسلسل 10 میچز جیتے تھے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی جو 2 گروپوں میں تقسیم ہیں۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان، جنوبی افریقا، انگلینڈ اور آسٹریلیا شامل ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہے جبکہ بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا۔