Daily Ausaf:
2025-04-15@06:34:31 GMT

190 ملین پائونڈ:کرپشن کی طلسم ہوش رُبا!

اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT

190ملین پائونڈ کے عنوان سے معروفِ زمانہ مقدمے کا فیصلہ آ گیا۔
اِس طلسمِ ہوش رُبا کاپہلاباب، سندھ سےطلوع ہوتاہےجہاں ملیرڈیولپمنٹ اتھارٹی اور بحریہ ٹائون کے درمیان وسیع وعریض زمین کا تبادلہ ہوا۔ معاملہ سپریم کورٹ پہنچا تو اِس ڈیل کو خلافِ قانون اور ناجائزقرار دیتے ہوئے بحریہ ٹائون پر 460 ارب روپےکا جرمانہ عائد کر دیاگیا۔ ساڑھے سات برس میں یہ رقم ادا کرنے کےلئےقسط بندی کر دی گئی اور اس مقصد کے لئے، سپریم کورٹ کے زیرنگرانی، نیشنل بنک میں ایک خصوصی اکائونٹ کھول دیاگیا۔
دوسراباب دسمبر2018 میں کھُلاجب برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے کچھ کھاتوں میں بےقاعدگی کا سراغ لگایا، تحقیقات کیں اور اُنہیں جُرم سے نتھی کرتےہوئےمنجمدکردیا۔ باہمی سمجھوتے کے تحت، مزید کسی قسم کی عدالتی کارروائی کے بغیر190 ملین پائونڈ کی رقم، ریاستِ پاکستان کو منتقل کرنےکافیصلہ ہوا۔ برطانوی کرائم ایجنسی (NCA) نے باضابطہ طورپر پاکستان کو مطلع کردیا۔ یہاں سے کہانی کا تیسرا بابِ تحیّر کھُلتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے مشیرِ احتساب اور ’’اثاثہ جات بازیابی یونٹ‘‘ (ARU) کے سربراہ شہزاد اکبر بھاگم بھاگ لندن پہنچے۔ کرائم ایجنسی کی انتظامیہ اور بحریہ ٹائون کے ملک ریاض سے ملاقاتیں کیں۔ یہاں برطانیہ اورپاکستان کے درمیان ایک اور معاہدہ طے پایا۔ شہزاد اکبر ڈھول پیٹتے ہوئے وطن واپس آئے کہ تاریخ کی سب سے بڑی رقم بازیاب کرلی گئی جو ریاستِ پاکستان کو واپس مل رہی ہے۔ انتہائی مجرمانہ واردات یہ ہوئی کہ شہزاد اکبرنے، برطانوی ایجنسی کورقم جمع کرانےکے لئےریاستِ پاکستان کےاکائونٹ کےبجائے، پراپرٹی ٹائیکون کے اُس کھاتے کا نمبر دے دیا جو بحریہ ٹائون کے جرمانے کی ادائیگی کے لئےکھُلا تھا۔ سادہ الفاظ میں یہ کہ جس فرد سے برطانوی ایجنسی نے بھاری رقم وصول کرکے ریاست پاکستان کو بھیجنا تھی، پاکستان کے برسراقتدار طاقت ور گروہ نے اُسی فرد کو واپس کردی۔ سو ٹیکس کاٹ کر 171 ملین پائونڈ سے زائد رقم پاکستان تو آ گئی لیکن پاکستان کے عوام اُس سے محروم کردیئے گئے۔ ایسا کیوں کیاگیا؟ ایسا کرنے والوں کو کیا ملا؟ کیا یہ واقعی سنگین کرپشن کی واردات تھی؟ کہانی کے مختلف ابواب اِن سوالوں کا نہایت واضح جواب دیتے ہیں۔ اقتدار کے ایوانوں کی نیم تاریک راہداریوں اور اسلام آباد کے کچھ پُرتعیش گھروں میں معاملات طے پائے۔
مفادِ باہمی کی خفیہ ’’مفاہمتی یاداشت‘‘ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک عجوبۂِ روزگار واردات دسمبر کے اوائل میں ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت، کابینہ کا اجلاس، رسمی ایجنڈے کی تکمیل کے بعدختم ہونے کو تھا کہ شہزاد اکبر نے ایک سیل بند لفافہ لہراتے ہوئے کہا ’’ایک ایجنڈا آئٹم اور بھی ہے۔‘‘ کم وبیش نصف درجن وزرا نے سوال اٹھایا کہ ’’ہمیں کیا معلوم اس بند لفافے میں کیا ہے؟ ہم کیسے آنکھیں بند کرکے اس کی منظوری دے دیں۔‘‘ وزیراعظم نے اعتراض مسترد کردیا۔ وزرا خاموش ہوگئے۔ اس خاموشی کو ایجنڈا آئٹم کی توثیق قرار دے دیا گیا۔
دو تین ہفتوں بعد،جنوری 2020ء میں، تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم میں بحریہ ٹائون نے 485 کنال، 4 مرلہ اور 58 مربع فٹ زمین وزیراعظم عمران خان کے رفیقِ خاص اور دستِ راست ذُلفی بخاری کے نام کردی ۔ راتوں رات القادر یونیورسٹی پراجیکٹ ٹرسٹ بھی رجسٹر کرادیاگیا۔ جنوری 2021ء میں یہ ساری زمین چار ٹرسٹیوں (عمران خان، بشریٰ بی بی، بابر اعوان اورذُلفی بخاری) پرمشتمل ٹرسٹ کے نام منتقل ہوگئی۔ چارماہ بعد ٹرسٹ کے چیئرمین عمران خان متعلقہ اتھارٹی کو خط لکھ کر بابراعوان اور ذُلفی بخاری کو ٹرسٹ سے خارج کردیتے ہیں۔ یوں زمین سمیت ٹرسٹ کے سارے اثاثے میاں بیوی کی ملکیت بن گئے۔
پی۔ٹی۔آئی کی ’’ریاست مدینہ‘‘ میں رقم ہونے والی اس پُراسرار داستان نے، امانت ودیانت کی ایک صوفیانہ کروٹ اُس وقت لی جب 137 سال پرانے، ٹرسٹ ایکٹ1882 میں ترمیم کرتے ہوئے ’اسلام آباد ٹرسٹ ایکٹ2020 ‘نافذالعمل ہوگیا۔ قراردیاگیا کہ اسلام آباد کی حدود میں واقع تمام ٹرسٹ، نئے قانون کے تحت خود کورجسٹر کرائیں ورنہ اُن کی رجسٹریشن منسوخ ہوجائے گی۔ کوئی باور کرسکتا ہےکہ خود’ القادر ٹرسٹ‘ نے اپنے آپ کو نئے قانون کے تحت رجسٹر نہ کرایا اور یوں صرف آٹھ ماہ بعد، قانون کی نظر میں ’القادر ٹرسٹ‘ دَم توڑ گیا۔ اِس کی ساری زمین اور تمام اثاثے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ذاتی تصرف میں آ گئے۔
عدالتی فیصلے میں ایک اور حیرت فزا کہانی کی تفصیلات سامنے آئی ہیں کہ جن دِنوں 171 ملین پائونڈ ایک مخصوص کھاتے میں گئے اور ’القادر یونیورسٹی‘ کا بابِ فضیلت کھُلا، عین اُنہی دِنوں جولائی اوراکتوبر2021 میں، بحریہ ٹائون مالکان کی طرف سے دو قسطوں میں، بنی گالہ کے قرب وجوار میں 245 کنال نہایت قیمتی اراضی بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح شہزادی کے نام منتقل کی گئی۔ بحریہ ٹائون انتظامیہ اور بشریٰ بی بی کے دستخطوں سےایک اورمعاہدہ بھی سامنے آیا ہےجس کے تحت ’القادر یونیورسٹی‘ کی تعمیر، فرنیچر، ہرنوع کےسازوسامان اورعملے کی تنخواہوں سمیت تمام اخراجات ِجاریہ کی ذمہ داری بحریہ ٹائون نے اٹھالی۔
حسین شہیدسہروردی سےشہبازشریف تک متعددوزرائے اعظم اور سیاستدانوں پر کرپشن سمیت کیسےکیسے الزامات نہیں لگے۔ کسی ایک پربھی ایسے ٹھوس،ناقابلِ تردید اور واضح شواہد کے ساتھ مقدمہ نہیں بن پایا۔ 190 ملین پائونڈ تو دیدہ دلیری ، بدعنوانی اور لوٹ مار کی ایسی کہانی ہے جس میں کوئی جھول ہے نہ کمی کجی۔ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے لے کر 171 ملین پائونڈ ایک مخصوص کھاتےمیں ڈالنےاوراس کھاتہ دار سے اربوں روپے رشوت اور ’’کک بیکس‘‘ کےطورپروصول کرنے کی کہانی کی تمام چُولیں مضبوطی سے ایک دوسرے میں پیوست ہیں اورزنجیر کی ہرکڑی، دوسری کڑی سے جُڑی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیانیہ سازی کے ہُنر میں طاق قبیلہ بھی ہکلانے لگا ہےاوراُسکے لئے کارِمُوشگافی مشکل ہوگیا ہے۔
چھبیس برس تک دوسروں کو چور، ڈاکو، لٹیرے، منی لانڈرر، کرپٹ اور عوام دشمن قرار دینے والا کردار، صرف ایک مقدمے نے پوری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔ سونے کی انگوٹھیوں اور پسِ چلمن کے مفادباہمی کی داستانوں کو جانے دیجیے۔ لائق فکر بات یہ ہے کہ یہ سب کیوں ہوا؟ کیسے ہوا؟ ممکن ہے یہ محبوب سبحانی، غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کے روحانی تصرّفات کاکوئی معجزنماپہلوہوجن کامبارک نام کھلی کرپشن، بدعنوانی اور لوٹ مار سے جُڑی ایک متعفن واردات سے جوڑ دیاگیا۔ستم بالائے ستم یہ کہ اب تاویلات کا حیاباختہ سلسلہ اِس شرمناک دلیل کےساتھ جوڑا جارہا ہےکہ یہ سب کچھ سرکارِِمدینہ ﷺ کی تعلیمات کے فروغ کےلئےکیاجا رہا تھا۔ کرپشن کی یہ واردات درجنوں سوالات اٹھا رہی ہے لیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ اگر عمران خان اور اُن کے شریکِ جرم ساتھیوں نے بحریہ ٹائون کے مالک ملک ریاض کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا تو پھر سینکڑوں ایکڑ اراضی، نقد رقوم، ہیرے جواہرات اور لاتعداد دوسری عنایات کی برکھا عمران خان، بشریٰ بی بی اور اُن کے حاشیہ نشینوں پر کیوں برستی رہی؟ کیا کوئی کاروباری شخص اس قسم کے ’’سودے‘‘ کا تصور بھی کرسکتا ہے چاہے اُس کے سینے میں حاتم طائی کا دِل ہی کیوں نہ دھڑکتا ہو؟

.

ذریعہ: Daily Ausaf

کلیدی لفظ: بحریہ ٹائون کے ملین پائونڈ پاکستان کو پاکستان کے کے تحت

پڑھیں:

احتساب کو مئوثر بنانے کے تقاضے

پاکستان میں دانشوروں کاایک طبقہ ایسا پیدا ہوچکا ہے جنہیں ملک میں ہر چیز خراب نظر آتی ہے یہ سچ ہے کہ ہر ادارے میں برائیاں بھی ہوتی ہیں اور اچھائیاں بھی لیکن دیکھنے میں یہی آیا ہے کہ بڑی بڑی اچھائیوں کونظر انداز کیاجاتا ہے جبکہ معمولی برائیوں کو بڑھاچڑھا کر اجاگر کیا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کے بیشتر اداروں میں کرپشن ایک ناسور کی طرح پھیلتا رہا چونکہ سبھی اس سے مستفیض ہو رہے تھے اس لیے احتساب کی کوئی روایت نہ پڑسکی۔ رشوت کو کنٹرول کرنے کے لیے اینٹی کرپشن کا محکمہ قائم کیاگیاابتدائی برسوں میں اس محکمے کی کارکردگی بڑی اچھی تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کچھ کالی بھیڑوں نے اس محکمے کی کارکردگی کو بری طرح سے متاثر کیایوں اس کی افادیت کم ہوتی چلی گئی۔ اور یہ کہاوت مشہور ہوگئی لے کے رشوت پھنس گیا ہے دے کے رشوت چھوٹ جا۔ جب رشوت کی بیماری اعلیٰ حکام تک پھیل گئی تو ایف آئی اے کومیدان میں اتارا گیا۔ جب کرپشن ایوانوں تک جاپہنچی اور زبان خلق بننا شروع ہوئی تو صاحب اقتدار لوگوں کو عوام کومطمئن کرنے کے لیے مجبوراً احتساب کاادارہ قائم کرنا پڑا۔ احتساب کا عمل تو شروع ہوگیا لیکن پہلے ہی دن سے اسے سیاسی دشمنی تک محدود کردیاگیا اس لیے اس پر سارے ملک میں کھل کر تنقید ہوتی رہی جب فوجی حکومت آئی تو انہوں نے قومی احتساب بیوروتشکیل دیا جسے حرف عام میں نیب کہا جاتا ہے نیب کو یہ الزام دیا جاتا رہا ہے کہ وہ بھی ایک حد تک جانبدار ہے اور ان پر بھی تنقید ہوتی رہی کیونکہ کچھ بااثر افراد جن کے خلاف نیب تحقیقات کررہاتھا وہ حکومت کا ساتھ دے کر اپنے خلاف تحقیقات رکوانے میں کامیاب ہوگئے ہیں اصل میں یہ لوگ ضمانتوں پررہا ہوئے ہیں جس طرح سے ماضی میں لوگ جیل میں بند ہونے کے باوجود الیکشن میں حصہ لے کر کامیاب ہوتے رہے ہیں اور بعض حالتوں میں وزیر بھی بنے اس کا مطلب یہ ہے کہ قانون میں سقم ہے اور کمزوری ہے یہ کام تو الیکشن کمیشن کا تھا کہ وہ ایسے لوگوں کو الیکشن کے لیے نااہل قرار دیتا اس حوالے سے نیب پر تنقید بلاجواز ہے۔
یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ نیب نے شروع میں بغیر ہوم ورک کے اندھا دھند گرفتاریاں کیں جس سے ملک میں خوف وہراس کی سی فضا پیدا ہوگئی ،مگر آج نیب صاف وشفاف ادارے میں تبدیل ہوچکاہے۔ رہا سوال نیب کے احتساب کا تو بے شمار ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جو نیب میں ہوتے ہوئے گڑبڑ کی کوشش کررہے تھے۔ نیب نے اپنے اندر کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی کرکے خود احتساب کی مثال قائم کی ہے جو لائق تحسین ہے۔ نیب کے حوالے سے ایک عام تاثر یہ ہے کہ سیاستدانوں نے بڑی کرپشن کی ہے۔ نیب سے جب رابطہ کیا گیاتو انہوں نے کہا یہ تاثر صحیح نہیں ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ماسوائے چند سیاست دانوں کے بیشتر کاتعلق بیوروکریسی اور دوسرے لوگوں سے ہے۔ یاد رہے 15کروڑ عوام کا رابطہ بیوروکریسی سے ہی پڑتا ہے۔ سیاستدان تووٹ لے کرگم ہوجاتے ہیں۔ ایک عام آدمی کرپشن سے نجات چاہتا ہے اسے اور کچھ نہیں چاہیے وہ کرپٹ مافیا کے درمیان چکی کی طرح پس کررہ جاتا ہے اوراس کی کوئی داد رسی نہیں ہوتی اس بات میںکوئی شک نہیں کہ اوپر کی سطح پر کرپشن کافی حد تک کنٹرول کی جاچکی ہے اس کاسہرا بھی نیب کوہی جاتا ہے کیونکہ کک بیکس لینے والوں کاحشر عوام اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح انہیں کٹہرے میں لاکر کھڑا کیا جاتا ہے لیکن یہ کافی نہیں نیب کو چاہیے کہ وہ اپنا دائر ہ کار وسیع کرکے تحصیل لیول سے شروع کرکے اوپر تک جائیں کیونکہ عام آدمی کا واسطہ اعلیٰ افسران سے کم ہی پڑتا ہے۔ جبکہ بسااوقات چھوٹے سرکاری افسران سے پڑتا ہے۔ اس حوالے سے عوام پر بھی بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر سطح پرجہاں بھی ان کو کرپشن یا کرپٹ افسر نظر آئے اس کی نشاندہی کریں۔ نشاندہی کرتے وقت صرف اتنا کہہ دینا کہ فلاں شخص بڑا کرپٹ ہے اس نے بڑا مال بنایا ہے اس سے کوئی بات نہیں بنتی نشاندہی کامطلب یہ ہوتا ہے کہ کرپشن کی زیادہ سے زیادہ تفصیلات سامنے لائی جائیں ۔ پلاٹ کتنے ہیں‘ مکان کتنے ہیں‘ گاڑیاں کتنی ہیں‘ بے نام کھاتے کتنے ہیں وغیرہ وغیرہ۔ نیب اس طرح کی اطلاعات دینے والوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ احتساب کس کا ہوکیااس زمرے میں صرف وزیراعظم ‘ وزرائے اعلیٰ ‘ وفاقی وصوبائی وزرا‘ اراکین سینیٹ‘ قومی وصوبائی اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری ونیم سرکاری عہدیدار ہی آئیں گے یابات اس سے آگے بڑھے گی کیا بدعنوانی صرف یہ ہے کہ مال بنایا جائے ۔ رشتہ داروں اور دوستوں کو نوازا جائے۔ بے شک یہ سب بدعنوانی ہے لیکن ہم یہاں انٹلکچوئل کرپشن کاذکر کرنا چاہتے ہیں جس سے جہاں ایک طرف حقداروں کاحق مارا جارہا ہے دوسری طرف نااہل لوگوں کو نوازا جارہا ہے۔ مثلاً کسی ادارے میں سینئرافسر موجود ہے لیکن کسی جونیئر کو اس پرلگادیا جائے یہ بھی کرپشن کی ہی شکل ہے اس کے علاوہ یہ کہ شخص کو ایسا عہدہ دے دیاجائے جس کاوہ مستحق نہیں۔
آپ نے دیکھا ہوگا ایک نائب قاصد بھرتی کرنا ہوتاہے تو اس کے لیے اخبار میں اشتہار دیا جاتا ہے لیکن جب کسی ریٹائرڈ افسر کوملازم رکھنا ہوتا ہے تو یہ سب کچھ بغیر اشتہار کے ہوتا ہے۔ بعض حالتوں میں ادارے کی ملازمت کا کوئی سابقہ تجربہ یا پس منظر نہ رکھنے کے باوجود باقاعدہ سروس کے بڑے بڑے قابل لوگ پوری عمر بسر کرنے کے باوجود اس منصب تک نہیں پہنچ پاتے ‘ کیا یہ ان افراد کی حق تلفی اوران سے ناانصافی نہیں اور کیا یہ اخلاقی بدیانتی اور بدعنوانی نہیں۔ نیب کو چاہیے کہ ملک کے سبھی اداروں کی چھان بین کرے ان اداروں میں جائے متاثرہ لوگوں سے ملے اور اس طرح کی بددیانتی کے مرتکب اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف مقدمات قائم کرے اپنا دائرہ صرف کک بیکس تک محدود نہ رکھیں کک بیکس سے صرف مالی نقصان پہنچتا ہے لیکن کسی کم تر شخص کو جواس عہدے کااہل نہ ہو اس کو اعلیٰ عہدہ دے کر ادارے کو تباہ کرنے کے مترادف ہے اوراس کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، یہ قومی نقصان ہے اس طرح کے کاموں سے ملک کوناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتاہے۔
آخر میں یہ بتانا ضروری ہے کہ احتساب کو صرف بدعنوانی تک محدود نہیں رہنا چاہیے کرپشن کے خاتمے کے لیے ہر قسم کی بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہوگا جو سامنے نظر آتی ہے اور جو قدرے پوشیدہ ہے جسے عرف عام میں انٹلکچوئل بدعنوانی کہتے ہیں اس کاخاتمہ بھی ضروری ہے۔ ایک تاثر یہ بھی ہے کہ نیب کو اپنا نام تبدیل کرلینا چاہیے اس ضمن میں بعض لوگوں کاکہنا ہے کہ اسے اکائونٹ ایبیلیٹی بیورو آف پاکستان کانام بھی دیاجاسکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • جدید ہتھیاروں سے لیس چوتھے جنگی جہاز ’’یمامہ‘‘ کی بحری بیڑے میں شمولیت
  • پی این ایس یمامہ کی پاک بحریہ میں شمولیت موثر فلیٹ آپریشنز میں معاون ثابت ہوگی، نیول چیف
  • پاک بحریہ کے بیڑے میں چوتھے آف شور پیٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کی شمولیت
  • ’عالمی بینک اور اے ڈی بی کے بڑے منصوبے اصل میں کرپشن کی جڑ ہیں‘
  • پاک بحریہ کے بیڑے میں چوتھے آف شور پیٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کی شمولیت
  • حکومت پاکستان نے ایرانی حکومت کے سامنے 8 پاکستانیوں کے قتل کا معاملہ اٹھایا ہے، ایاز صادق
  • یہ بھکاری ’’ ترقی ‘‘ کی جانب گامزن
  • احتساب کو مئوثر بنانے کے تقاضے
  • کرپشن فری بیانیہ والی پی ٹی آئی حکومت نے رشوت کا بازار گرم کیا ہوا ہے، اختیار ولی
  • کرپشن فری بیانیہ والی پی ٹی آئی حکومت نے رشوت کا بازار گرم کیا ہوا ہے، رہنما مسلم لیگ(ن)