Nai Baat:
2025-01-21@07:30:10 GMT

کہاں گئے وہ لوگ

اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT

کہاں گئے وہ لوگ

گزشتہ دنوں لاہور جم خانہ میں ایک پرانے بیوروکریٹ دوست سے ملاقات ہو گئی۔ دوران گفتگو ہم جس موضوع پر بحث کر رہے تھے کہ ہمارے ہاں ایک دور ایسا بھی گزرا ہے جب پاکستان میں ایسے بڑے لوگ بھی گزرے جنہوں نے پاکستان کا نام نہ صرف روشن کیا بلکہ وہ اپنے اداروں کے لئے بھی بڑی نیک نامی کا سبب بنے۔ ایک نہیں کئی نام جن کی ایمانداری اور کارکردگی پر کتابیں لکھی جا سکتی ہیں۔ اس ملاقات میں ذکر ہوا ایئرمارشل نور خان (مرحوم) کا جنہوں نے 65ء کی فضائی جنگ میں حصہ لیا وہ 71ء کی جنگ میں بھی ہیرو ٹھہرائے گئے۔ فضائیہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی شاندار صلاحیتوں کے مزید امتحان لئے گئے۔ وہ ہاکی فیڈریشن کے صدر بنے تو پاکستانی ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ جتواا دیا پھر کرکٹ میں آئے تو ٹیم کو میرٹ کے سپرد کرتے ہوئے بہترین ٹیم بنا دیا پھر پی آئی اے کے چیئرمین بنے تو اس کو تباہی سے بچایا۔ نور خان کیسے انسان تھے انہی کے زمانے کا ایک واقعہ میرے سابقہ بیوروکریٹ دوست نے بتایا تو دل بھر آیا کہ آج ایسے لوگوں کی ہمیں شدید ضرورت ہے اور ایسے لوگ ہی نایاب ہیں اگر اچھے لوگ ہیں تو وہ نور نظر نہیں یا وہ اس سوچ کے تحت آگے نہیں آ رہے کہ اچھا کمایا، نام خراب نہ ہو جائے، اچھی کمائی عزت اور گزرا اچھا وقت جو ان کی عمر بھر کی کمائی ہے وہ بے ضمیر معاشرے میں کہیں کھو نہ جائے۔

تم پھر نہ آ سکو گے بتاتا تھا تو مجھے
تم دور جا کے بس گئے میں ڈھونڈتا پھرا
جب نور خان (مرحوم)پی آئی اے کے چیئرمین تھے ایک دن دوران سفر لندن کے دوران انہوں نے محسوس کیا کہ جہاز میں کوئی گڑ بڑ ہے۔ (یہ لندن کا واقعہ ہے) فلائٹ میں گڑبڑ کیا تھی یہ سب جاننے کے لئے نورخان اپنی سیٹ سے اٹھے اور جہاز کے کارپٹ میں دروازہ کھول کر اندر آئے اور جہاز کے کپتان سے پوچھا کہ جہاز میں کچھ غلط ہوا ہے کیونکہ دوران پرواز جہاز میں کچھ آوازیں آئی ہیں تو نورخان کو آگے سے جو جواب ملا وہ پوری فرسٹ کلاس میں بیٹھے مسافروں نے بھی سنا۔
’’آئی ایم ان کمانڈ ایئر کرافٹ پلیز کارپٹ کا وہ دروازہ بند کر دیں اور یہاں سے چلے جائیں۔‘‘

یہ جواب سن کر نورخان بغیر کوئی بات کئے کارپٹ کا دروازہ بند کرکے اپنی سیٹ پر بیٹھ گئے۔ یہ اس زمانے کی بات ہے جب ایک پائلٹ اپنے چیئرمین کو اس طرح کا جواب دے گا یہ بات جانتے ہوئے بھی کہ اس کے ایک حکم سے اس کی نوکری ہمیشہ کے لئے جا سکتی ہے دوسری طرف چیئرمین بھی تو سوچ سکتا تھا کہ اس کے عہدے سے کئی درجے نیچے کا ملازم کس طرح جواب دے رہا ہے مگر ایسا نہیں ہوا۔ نورخان اپنے ہوٹل پہنچے اور پی اے کو کہا کہ پائلٹ کو فون کرو اور اسے کہو کہ آج وہ میرے ساتھ ڈنر کرے۔ میں جہاز والے واقعہ کی اس سے معذرت کرنا چاہتا ہوں تو جواب میں پی اے نے کہا کہ سر اس کی ضرورت نہیں۔ تو نور خان نے کہا نہیں میں نے معذرت کرنی ہے۔ یاد رہے نورخان اپنے زمانے میں وہ آدمی تھا جس سے پورا پاکستان گھبراتا تھا۔ نورخان نے پھر کہا کہ میرے سے غلطی ہوئی ہے میرا کوئی کام نہیں تھا کہ میں کارپٹ میں جاتا لہٰذا اسی رات نورخان نے اپنے پائلٹ کے ساتھ ڈنر کیا، اس سے باقاعدہ معذرت کی۔ کبھی میں یا آپ نے یہ بات سوچی ہے کہ ہمارے ملک کے ساتھ ہی ایسا کیوں ہو رہا ہے کہ اچھے لوگ اچھے لیڈر اچھے نظریات کے ذہین لوگ ہمارے درمیان موجود ہونے کے باوجود سامنے نہیں آتے اور ایسے لوگ واقعی اگر اداروں میں موجود ہیں تو وہ نورخان کیوں نہیں۔ ان کے اندر کیا خوف ہیں جو پہلے لوگوں میں نہیں تھے جبکہ میرا یہ دعویٰ ہے کہ ہمارے درمیان ایک نہیں ہزاروں لوگ ہیں جو ایئرمارشل نورخان مرحوم جیسے لوگوں کے کردار کے مالک ہیں۔ کیوں ایسے حالات پیدا کر دیئے گئے کہ اچھے کردار کے لوگوں کو کام نہیں کرنے دیا جاتا۔

ہمارے زمانے میں جب پی ٹی وی ہمارے گھروں میں اکیلا ہی حکمرانی کرتا تھا تو روزانہ ’’خبرنامہ‘‘ کے بعد فرمان قائدؒ کے ساتھ ساتھ قائداعظمؒ اور ان کی بہن مادر ملت فاطمہ جناح کی تصویر بھی دکھائی جاتی تھی تو بچے اپنے والدین سے پوچھتے کہ قائداعظمؒ کون ہیں تو ان کو بتایا جاتا کہ انہوں نے پاکستان بنایا تھا تو پھر سوال آتا کہ کونسا پاکستان تو ہم جواب دیتے کہ جہاں ہم رہ رہے ہیں پھر سوال آتا کہ قائداعظم کہاں ہیں جواب دیتے کہ وہ اللہ میاں کے پاس ہیں پھر سوال آتا کہ اللہ میاں کہاں ہیں، اللہ میاں سے بولو کہ وہ ہمیں قائداعظمؒ واپس دے دیں وہ ہمیں پاکستان واپس دیں گے جو پہلے بہت بڑا پاکستان تھا اب یہ آدھا پاکستان ہے جو اب پورا پاکستان کہلاتا ہے۔ اب ان بچوں کو کون سمجھائے کہ اب قائداعظمؒ واپس آ سکتے ہیں نہ ٹوٹا پاکستان پھر سے بڑا پاکستان بن سکتا ہے کہ اب وہ لوگ نہیں ہیں وہ لیڈر نہیں ہیں وہ طاقتور نظریئے نہیں ہیں، نہ وہ سیاست دان ہیں جو نظریہ پاکستان کی سیاست کے قائل تھے جو پاکستان کے لئے سیاست کرتے تھے اقتدار ان کا مقصد حیات نہیں تھا۔ جمہوریت انتقام ہے یہ نعرہ صرف بیوقوف بنانے کے لئے لگایا گیا۔ جمہوریت کے نام پر ہم نے کس قدر تباہیاں ہوتے دیکھیں۔ اس کے نام پر کس قدر جھوٹ بول بول کر ہم نے مارشل لاء لگوائے۔ اپنے ہاتھوں ڈکٹیٹرز پیدا کئے۔ اسلام سے عوام تک جمہوریت۔ دوسری طرف یہی جمہوریت سقراط کو زہر کا پیالہ پلاتی ہے، منصور کو سولی پر چڑھاتی ہے، عیسیٰ کا احترام نہیں کرتی۔ اسی جمہوریت کے ناتے کوئی مفکر، امام عالم دین، ولی یا مرد حق برسراقتدار نہیں آ سکتا۔ اسی جمہوریت نے بھٹو کو غلط پھانسی دلوائی، ایسے حالات میں کہاں اچھے لوگ سامنے آئیں گے جو زندگیوں کا رسک لے کر اس ملک و عوام کے لئے کچھ کر جائیں گے۔

.

ذریعہ: Nai Baat

کلیدی لفظ: ہیں تو ہیں جو کے لئے

پڑھیں:

لاپتا افراد کے مقدمات نے ہلا کر رکھ دیا

چیف جسٹس آف پاکستان عزت مآب جناب یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ ’’گوادر اور کوئٹہ کے دوروں پر لاپتا افراد کے مقدمات نے ہلا کر رکھ دیا۔ مسنگ پرسنز کے مقدمات کو سنا جائے گا‘‘۔ چیف جسٹس عدالت عظمیٰ نے لاپتا افراد کے بارے میں جو کچھ فرمایا وہ درست ہے۔ لاپتا افراد کا بازیاب نہ ہونا نہ صرف اعلیٰ عدلیہ کی توہین ہے بلکہ یہ اِس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پاکستان کا نظام عدل و انصاف کمزور اور بے بس ہوچکا ہے۔ شہریوں کا لاپتا ہونا اور عدالتوں کا بے خبر رہنا شرمناک صورتحال ہے جس سے یقینا عوام کو مایوسی ہوئی ہے۔

’’لاپتا افراد‘‘ کا پتا آسان ہے کیونکہ اِن کے ورثا برسرعام یہ کہتے پھر رہے ہیں کہ ہمارے لوگوں کو ایجنسیوں نے اُٹھالیا ہے تاہم ایجنسیوں کا کہنا یہ ہے کہ لاپتا افراد ہمارے پاس نہیں، اِن میں زیادہ تر لوگ دہشت گردوں اور فراری کیمپوں میں چلے گئے جبکہ بعض ازخود جلاوطنی اختیار کرگئے۔ ہم یہ فیصلہ نہیں کرسکتے کہ لاپتا افراد کے ورثا اور ایجنسیوں میں سے کون ٹھیک اور کون غلط ہے کیونکہ دونوں طرف کی باتوں میں ممکنات موجود ہیں۔ ممکن ہے کہ ایسا ہوا ہو یا ویسا ہو؟ تاہم یہاں لاپتا افراد اور ایجنسیوں کے موقف کی بات نہیں۔ معاملہ ریاست کی رٹ کا ہے، آئین اور قانون کی بالادستی کا ہے، بنیادی اِنسانی حقوق کا ہے، ریاستی اداروں کا ہے کہ جن میں عدلیہ بھی شامل ہے۔

پاکستان کا جو سیاسی ماحول اور منظرنامہ بن چکا ہے اُس میں شہریوں کے اغوا میں ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے الزام کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جبکہ زیادہ گمان اور خدشہ یہی ہے کہ شہریوں کو اغوا کرنے میں ایجنسیاں ملوث ہیں، البتہ یہ ضرور کہا جاسکتا ہے کہ تمام لاپتا لوگ ایجنسیوں کے پاس نہیں ہوں گے۔ تاہم صورتحال جو بھی ہے یہ ذمے داری بھی تو ایجنسیوں ہی کی ہے کہ لاپتا افراد کے بارے میں مکمل معلومات میڈیا، عدلیہ اور حکومت کو آگاہ کیا جائے تا کہ ورثا کے اطمینان کے لیے کوئی پالیسی بنائی جاسکے۔

لاپتا افراد کے معاملے میں ہم یہ بات بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ’’سب سے پہلے پاکستان‘‘ ریاستی اداروں کو کوئی بھی ایسا کام نہیں کرنا چاہیے کہ جس کے نتیجے میں ریاست کمزور ہو یا یہ کہ ریاست کے خلاف کام کرنے والے باغی عناصر کو کوئی جواز مل سکے۔ لاپتا افراد کو اگر کسی جرم میں لاپتا کیا گیا ہے تو اِس پر بھی بہت سے تحفظات اور قانونی بحث موجود ہے۔ مثلاً معاشرے یا ریاست کے اندر سب سے بڑا جرم قتل، دہشت گردی اور غداری ہے۔ اِن تینوں جرائم کے علاوہ جو بھی جرم ہوگا اُن کی سنگینی کا درجہ بعد میں آتا ہے تاہم ہمارے عدالتی نظام کو اگر جان بوجھ کر ناکام نہ کیا جائے تو یہ بات آن ریکارڈ موجود ہے کہ انتہائی خطرناک قاتلوں، دہشت گردوں اور غداروں پر سول عدالتوں میں مقدمات چلائے جاچکے ہیں جہاں انہیں عبرتناک سزائیں بھی مل چکی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اِس وقت بھی پاکستانی جیلوں میں تقریباً 8 ہزار قیدی سزائے موت کے منتظر ہیں۔ آخر اِن مجرموں کو سزا کس نے دی؟ لہٰذا کسی بھی خفیہ ایجنسی یا ادارے کو مایوس نہیں ہونا چاہیے کہ انتہائی سنگین جرائم میں ملوث افراد کو اگر عدالتوں کے سامنے پیش کیا گیا تو وہ سزا سے بچ جائیں گے۔ ایسا نہیں ہوگا جرم ثابت ہونے پر مجرم کو سزا ضرور ملے گی تاہم یہ بات ضرور یاد رکھی جائے کہ ماورائے عدالت اور قانون جو کوئی بھی کارروائی کرے گا اُس کے نتائج ریاست کے اِستحکام کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں اور مزید یہ کہ کسی بھی ادارے کو اِس طرح کی کسی بھی غلط فہمی یا خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کہ بس وہی ’’پاکستان‘‘ ہے، پاکستان کی ترقی اور اس کے لیے بس وہی سوچتے ہیں، ایسی بات نہیں ہے ہم سب پاکستانی ہیں اور ہم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں کہ جیسے پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کی فکر نہ ہو، اِس لیے بہتر ہوگا کہ ہم سب ایک دوسرے پر اعتماد کریں اور ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں متحد رہیں۔ اور ایسا تب ہی ہوسکتا ہے کہ جب ریاستی ادارے قانون ہاتھ میں لینے اور ماورائے عدالت فیصلے کرنے کے بجائے تمام گرفتار شدگان کو حراستی کیمپوں میں رکھنے کے بجائے عدالتوں کے سامنے پیش کردیں۔

آخر میں یہ بات بھی ضرور کہنا چاہیں گے کہ کبوتر کی طرح آنکھیں بند کردینے سے حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔ لاپتا افراد کا معاملہ روز بروز سنگین صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے۔ ضد اور ہٹ دھرمی سے معاملات مزید بگڑ جائیں گے۔ لاپتا افراد ہمیشہ لاپتا رہیں گے اب یہ بات ممکن نہیں رہی، مرغی کا بچہ بھی کوئی گم نہیں ہونے دیتا لہٰذا یہ کیسے ممکن ہے کہ لوگ اپنے بیٹوں اور بھائیوں کے لاپتا ہوجانے پر خاموش رہیں گے، ویسے بھی ہم کسی جنگل میں نہیں بلکہ ایک آزاد دُنیا میں رہتے ہیں، عالمی برادری میں ہمارے حکمرانوں کے دوست کم اور دشمن زیادہ ہیں، لاپتا افراد کے ورثا بہت دور تک جاسکتے ہیں، بہتر ہوگا کہ اِس مسئلے کو قانون کے مطابق باعزت طور پر حل کرلیا جائے۔ اُمید ہے چیف جسٹس صاحب نے جو کچھ کہا ہے اُس پر ضرور عمل ہوگا۔ اللہ پاک ہمیں مظلوم کی مدد و انصاف کی گواہی دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا ربّ العالمین

متعلقہ مضامین

  • پی ٹی آئی اور حکومت کے مابین مذاکرات میں آخر رکاوٹ کیا ہے؟
  • بلوچستان امن اور ترقی کی راہ پر
  • پختون کلچر کا آلہ موسیقی کہاں بنتا ہے، کیسے بنتا ہے اس کے شائقین کون ہیں؟
  • ’’کولڈ پلے‘‘ کا پاکستان
  • لاپتا افراد کے مقدمات نے ہلا کر رکھ دیا
  • دہشت گردی اور پاکستان
  • کرم کے علاقہ بالشخیل میں فائرنگ سے سید وسیم نامی نوجوان شہید
  • حکومت معیشت کی بہتری کے دعوے کرتی ہے تو بتائیں کہ وسائل کہاں سے آئے، مولانا فضل الرحمان
  • کراچی: 11 روز سے لاپتا 8 سالہ بچے کی لاش کہاں سے ملی؟