وفاق مذاکرات میں ناکام ، جلد اپنا قفد افغانستان بھیجوں گا : گنڈاپور
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کا مسئلہ مذاکرات سے ہی حل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں کامیابی نہیں ملی، اپنا صوبائی وفد بہت جلد افغانستان بھیج رہا ہوں، ہم ان سے بات چیت کر کے مسائل کا حل نکالیں گے۔ دو ہفتے کے اندر وفد افغانستان جا کر بات چیت کرے گا۔ وفد میں تمام قبائل کے مشران شامل ہوں گے اور پوری امید ہے کہ وہ ہمارے جرگے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ ملک میں سیاسی مخالفت پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ القادر ٹرسٹ بنانے پر بانی پی ٹی آئی کو اندر رکھا گیا ہے اور القادر ٹرسٹ میں مفت تعلیم دی جا رہی تھی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان و بشریٰ بی بی غیر قانونی سزا کے باوجود قانون پر یقین رکھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو اللہ کی ذات کے سوا کسی چیز کا خوف نہیں، پاکستان تحریک انصاف کی جد وجہد کا مقصد جمہوریت کی سربلندی اور آئین و قانون کی حکمرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ و میڈیا کی آزادی کیلئے جد وجہد جاری رہے گی۔ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سیکورٹی فورسز نے ژوب میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، 5 خوارج جہنم واصل
راولپنڈی : سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے سرحدی علاقے سمبازا میں افغانستان سے دہشت گردوں کے داخلےکی کوشش ناکام بنادی، سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 جنوری کی درمیانی شب خوارج پاکستان افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، سیکورٹی فورسز نے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوارج کی ژوب کے علاقے سمبازہ سے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔
فوجی ترجمان کا کہنا ہےکہ پاکستان مستقل عبوری افغان حکومت سےکہتا رہا ہےکہ سرحد کے اطراف مؤثربارڈر منیجمنٹ یقینی بنائے، توقع ہےکہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمے داریاں پوری کرےگی اور دہشت گردکارروائیوں کے لیے اپنی سرزمین کے استعمال سے انکارکرےگی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سیکورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانےاورملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنےکے لیے پرعزم ہیں۔