زمین پر قبضے اور فصل مسمار کیے جانے کیخلاف احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے وکیل ایڈووکیٹ فاروق ڈاہری کی زمین پر قبضے اور زمین پر لگی فصل کو پولیس اور پرائیویٹ لوگوں کی جانب سے مسمار کیے جانے کے خلاف حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عدالتی احاطہ میں مٹیاری پولیس کے خلاف احتجاج اور ایس ایس پی مٹیاری کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ اس سلسلے میں حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری شاکر نواز شر، متاثرہ وکیل ایڈووکیٹ فاروق ڈاہری، ایڈووکیٹ نوید جروار، ایڈووکیٹ محمد نواز، ایڈووکیٹ کاشف لاکھو، ایڈووکیٹ طلال جمانی اور دیگر کی قیادت میں احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ شاکر نواز، ایڈوکیٹ نوید جروار اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس با اثر افراد کی سرپرستی کرتے ہوئے قبضہ مافیا کا ساتھ دے رہی ہے جبکہ ملک میں قبضہ خالی کرانے کا قانون موجود ہے اور جو بھی مسئلہ ہے، اسے عدالت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ڈاکو کو گرفت میں نہیں لا سکتی لیکن پرامن شہریوں اور وکلاء کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کر رہی ہے، ایس ایس پی مٹیاری اپنا قبلہ درست کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے بغیر نوٹس بلا جواز لاکھوں روپے مالیت کی فصل تباہ کی، زرعی مشینری اپنے ساتھ لے گئی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں: