کشتی حادثہ نہیں قتل عام ہوا، بچ جانیوالے پاکستانیوں کے ہولناک انکشافات
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
اسلام آباد: مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں کے ابتدائی بیانات ریکارڈ کرلیے گئے، سمگلروں نے تاوان دینے والوں کو چھوڑ دیا اور نہ دینے والوں کو ہتھوڑے مار کر سمندر میں پھینک دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق بیانات پاکستان سے جانے والی چار رکنی ٹیم نے ریکارڈ کیے جس میں متاثرین نے بتایا کہ مراکش میں کشتی حادثہ نہیں ہوا بلکہ قتل عام ہوا، انسانی سمگلروں نے کشتی کھلے سمندر میں جان بوجھ کر کئی دن روکے رکھی اور تاوان مانگا، تاوان دینے والے لوگوں کو چھوڑ دیا گیا اور نہ دینے پر بہت سے مسافروں کو ہتھوڑے مارکر زخمی کیا اور سمندرمیں پھینک دیا۔
متاثرہ پاکستانیوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ کشتی میں سوار بیشتر لوگ سرد موسم اور تشدد کے باعث ہلاک ہوئے، کشتی میں موجود افراد کو کھانے پینے کی قلت کا بھی سامنا تھا، کشتی انٹرنیشنل ہیومن ٹریفکنگ ریکٹ کی نگرانی میں تھی، اس ریکٹ میں سنیگال، موریطانیہ اور مراکش کے سمگلر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی چار رکنی تحقیقاتی ٹیم اس وقت مراکش میں موجود ہے، ٹیم میں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، ڈائریکٹر نارتھ ایف آئی اے، وزارت خارجہ اور آئی بی کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
مراکش کشتی حادثہ؛ 21 پاکستانیوں کے زندہ بچنے کی تصدیق، دفتر خارجہ نے نام جاری کردیئے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جنوری 2025ء ) مراکش کشتی حادثے میں 21 پاکستانیوں کے زندہ بچنے کی تصدیق ہوگئی، دفتر خارجہ نے نام جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے الداخلہ کے قریب مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے 21 پاکستانیوں کی فہرست جاری کردی، جن میں میں مدثر حسین، وسیم خالد، محمد خالق، عبدالغفار، گل شامیر، تنویر احمد، محمد عباس کاظمی، غلام مصطفیٰ، عمران اقبال، شعیب زعفر، علی حسن، محمد عاصف اور بلال اقبال کے نام شامل ہیں۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق میری ٹائم کے ریسکیو آپریشن میں 21 پاکستانی بھی شامل ہیں، رباط میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے متاثرہ افراد کو فوری رسپانس دیا گیا ہے، پاکستانی سفارتخانے نے ابتدائی ضروریات تمام متاثرین کو مہیا کر دی ہیں جس میں کھانا، پانی، ادویات اور کپڑے شامل ہیں، اسی طرح میڈیکل ٹیمیں بھی ریلیف آپریشن میں شامل ہیں، پاکستانی سفارتخانے کی قونصلر ٹیم ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہی ہے۔(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ حکومت متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر پاکستانی شہریوں کو امداد فراہم کر رہی ہے، آپریشن کی مزید نگرانی کے لیے پاکستانی سفارتخانہ اور حکومت پاکستان مراکش حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تمام صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے، حکومت پاکستان متعلقہ حکام کے ساتھ پاکستانی شہریوں کی واپسی کا طریقہ کار بھی طے کر رہی ہے، پاکستان بیرون ملک اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، اس سلسلے میں صورتحال کی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔