کراچی: نیپا چورنگی پر ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں نوجوان جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
کراچی:
نیپا چورنگی پر فائرنگ سے دوا ساز کمپنی کا ملازم جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق عزیزبھٹی تھانے کےعلاقے راشد منہاس روڈ پرواقع نیپا فلائی اوور سے نیپا چورنگی کی جانب ریمپ سے اترتے ہوئے نامعلوم مسلح ملزم نے موٹرسائیکل سوار نوجوان پرفائرنگ کردی اور فرارہوگئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار نوجوان موقع پرجاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی، واقعے کی اطلاع ملنے پرپولیس بھی موقع پرپہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے کےلیے کرائم سین یونٹ کوموقع پرطلب کرلیا۔
مقتول کی شناخت 30 سالہ محمد زبیر ولد محمد افضل کے نام سے کی گئی، مقتول نوجوان دوا ساز کمپنی کا ملازم اور کیماڑی کا رہائشی ہے، ایس ایچ او عزیز بھٹی سعید باریجو نے ایکسپریس کو بتایاکہ مقتول نوجوان سے لوٹ مار کی کوئی واردات نہیں ہوئی، مقتول نوجوان کی موٹرسائیکل، بیگ، موبائل فون اورپرس پولیس کے پاس ہے، پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔
ایس ایچ اونے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم فائرنگ کے واقعے کی مختلف پہلوؤں پرتفتیش کی جارہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں نیشنل پیڈل چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد، نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس
کراچی:پاکستان پیڈل فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نیشنل پیڈل چیمپئن شپ 11 سے 13 اپریل تک کراچی کے ایک نجی پیڈل کورٹ میں منعقد ہوئی۔ تین روزہ ایونٹ میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور پیڈل کھیل کی مقبولیت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
مردوں کے مقابلوں میں کراچی سے تعلق رکھنے والے عدیل اللہ والا اور ہشیش کمار نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چیمپئن شپ جیتی۔ خواتین کے زمرے میں بھی کراچی کی ثنا طابہ اور ناتالیا زمان نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مکسڈ ڈبلز کی کیٹیگری میں اسلام آباد کے سامی زیب اور سارہ منصور فاتح قرار پائے۔
اختتامی تقریب میں پاکستان پیڈل فیڈریشن کے سینئر نائب صدر جناب مسرر رزاق آرائیں نے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر اُنہوں نے پیڈل کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں یہ کھیل تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
پیڈل کو عام طور پر ٹینس اور اسکواش کا امتزاج سمجھا جاتا ہے۔ اس کے بیشتر قوانین ٹینس سے مشابہت رکھتے ہیں، تاہم چند اصول اسکواش سے بھی مستعار لیے گئے ہیں جو اس کھیل کو منفرد اور دلچسپ بناتے ہیں۔
نیشنل چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کو پاکستان میں پیڈل کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے اور مستقبل میں مزید ٹورنامنٹس اور تربیتی پروگرامز کی توقع کی جا رہی ہے۔