عمران خان نے کمیشن نہ بننے پر مذاکرات کے حوالے سے اہم بیان جاری کردیا
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
راولپنڈی:
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ سات دن میں کمیشن نہ بنا تو چوتھی میٹنگ نہیں ہوگی، کمیشن کے قیام کے لیے حکومت کے منتظر ہیں، اگر کمیشن نہیں بننے جارہا تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان ہیں، عرفان صدیقی کیلئے مناسب نہیں وہ مذاکرات کو تعطل کا شکار کریں، ہماری جو ملاقات ہوئی اس میں لاء اینڈ آرڈر صورت حال پر بات ہوئی ہے اسے ایشو نہیں بنانا چاہیے۔
انہوں ںے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں ہماری شرط ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے سات دن میں کمیشن نہ بنا تو چوتھی میٹنگ نہیں ہوگی، ہم حکومت کا انتظار کررہے ہیں وہ کیا پیش رفت وہ بتاتے ہیں لیکن اگر کمیشن نہیں بننے جارہا تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کو گھبراہٹ ہے کیونکہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے، حکومت کو مذاکرات پر توجہ دینی چاہیے کیوں کہ ہم سمجھتے ہیں مذاکرات کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، میں ہمیشہ کہتا ہوں تحمل اور برداشت کے ساتھ مذاکرات پر فوکس کرنا چاہیے، بات آگے بڑھانے کے لیے جلد بازی کے بجائے تحمل سے کام لینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے دعوت نامے سرکاری سطح پر نہیں آئے، ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوت نامے ان کی الیکشن کمیٹی ڈیسائیڈ کرتی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
جوڈیشل کمیشن نہیں بنا تو مذاکرات فیل اور ختم ہیں،شیخ رشید
اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (عوامی) کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ ملاقات خوشگوار موڈ میں ہوئی آج میں نے بانی پی ٹی آئی کو خود بوسہ دیا اور انہوں نے مجھے گلے لگایا۔ ا ڈیالہ جیل کے باہر شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں 9 مئی کیس کے سلسلے میں اڈیالہ جیل آیا تھا۔ کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات خوشگوار موڈ میں ہوئی آج میں نے بانی پی ٹی آئی کو خود بوسہ دیا اور انہوں نے مجھے گلے لگایا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ سیاست کے سارے رول سمجھتے ہیں، اللہ بہت بڑا ہے اور اللہ ہی ہماری مدد کرے گا۔ شیخ رشید نے عمران خان کو کہا کہ ہائی کورٹ سے آپ کو جلد ریلیف ملے گا۔ کل کے فیصلے کے بارے میں وہ ذرا بھی
پریشان نہیں ہیں، ذرا بھی بد دل نہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ اگر جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا جائے گا تو مذاکرات فیل اور ختم ہیں۔ بیرسٹر گوہر اور آرمی چیف کی ملاقات پر انہوں نے کہا کہ مجھے اس کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔