کراچی میں کورونا کے پھیلاؤ کی خبریں غلط، صرف 7 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا: وزیر صحت سندھ
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
کراچی: وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں کورونا کے پھیلنے کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ 100 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے صرف 7 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیسٹ موسمی فلو اور انفلوئنزا ایچ ون این ون کے مریضوں کا احتیاطی طور پر کرایا گیا تھا، اور ان مریضوں میں سے زیادہ تر میں کورونا کی علامات انتہائی ہلکی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پازیٹو مریضوں کو معمولی علامات کی بنیاد پر گھر بھیج دیا گیا ہے۔
وزیر صحت سندھ نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کو اب فلو کی طرح سمجھا جا رہا ہے اور اس سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
اسی دوران، محکمہ صحت سندھ نے کورونا اور انفلوئنزا ایچ ون این ون کے کیسز سے متعلق ہسپتالوں میں ہنگامی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ ڈی جی ہیلتھ سندھ نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت ہیلتھ سینٹرز کو الرٹ رکھیں اور نزلہ، زکام یا کھانسی کے مریضوں کو ویکسین لگوائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا یا انفلوئنزا کی علامات ظاہر ہونے والے مریضوں کو فوری طور پر آئسولیٹ کر لیا جائے۔
اس سے قبل ماہر متعدی امراض پروفیسر سعید خان نے بتایا تھا کہ ڈاؤ ہسپتال میں کھانسی اور بخار کی علامات کے ساتھ آنے والے 25 سے 30 فیصد مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہو رہی ہے، اور 10 سے 12 فیصد مریضوں میں انفلوئنزا ایچ ون این ون کی تصدیق ہوئی ہے۔ پروفیسر سعید خان نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور سالانہ انفلوئنزا ویکسین لگوانے کی اہمیت پر زور دیا۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
سندھ میں کورونا اور H1N1 کے کیسز میں اضافہ، ڈی ایچ اوز کو فوری اقدامات کی ہدایات
کراچی:سندھ میں کورونا اور ایچ ون این ون کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر ڈی جی ہیلتھ سروسز سندھ نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسیرز کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردی۔
ہدایت کے مطابق تمام مراکز صحت میں کورونا اور ایچ ون این ون کی سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی کیس کا جلد پتہ چل سکے اور فوری علاج فراہم کیا جا سکے، مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز کی بروقت رپورٹنگ کی جائے۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اسپتالوں میں عملے کے لیے حفاظتی سامان (PPE) کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ صحت کے کارکن محفوظ رہیں اور انفیکشن کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔ویکسینیشن کے فوائد کو عوام تک پہنچانے کے لیے کمیونٹی میں شعور اجاگر کیا جائے تاکہ لوگ ویکسینیشن کروا سکیں۔
سرکاری اور نجی صحت مراکز میں انفیکشن کنٹرول کے مؤثر اقدامات نافذ کیے جائیں تاکہ بیماری کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے جس میں ماسک پہننے، ہاتھ دھونے اور سماجی فاصلہ رکھنے پر زور دیا جائے تاکہ لوگوں کو بیماری سے بچنے کے طریقوں سے آگاہ کیا جا سکے۔
کورونا اور ایچ ون این ون کی علامات کے بارے میں آگاہی پھیلائی جائے تاکہ لوگ بروقت علاج حاصل کر سکیں اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
ہر ہفتے کیسز اور ان پر کیے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ متعلقہ اداروں کو بھیجی جائے تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور فوری اصلاحی اقدامات کیے جا سکیں۔
محکمہ صحت نے ان تمام اقدامات کی سختی سے پیروی کرنے کی تلقین کی ہے تاکہ عوام کی صحت کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔