حکومت کا 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار، پی ٹی آئی مطالبات پر جواب تیار
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
حکومت نے پی ٹی آئی کے مطالبے پر سانحہ 9 مئی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پیش کردہ تحریری مطالبات کا جواب تیار کر لیا ہے، جس میں ہر مطالبے پر تفصیل سے جواب دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی جواب میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن قائم نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ معاملہ پہلے ہی عدالتوں میں زیربحث ہے اور کچھ ملزمان کو ملٹری کورٹس کی جانب سے سزا بھی دی جا چکی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی سے درخواست کی گئی ہے کہ 26 نومبر کے حوالے سے لاپتہ افراد کی فہرست اور گرفتار شدگان کی تفصیلات فراہم کی جائیں کیونکہ جب تک ان افراد کے بارے میں مکمل معلومات نہ ہوں، ان کی رہائی کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جا سکتا۔
حکومتی جواب میں یہ بھی کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے جن ہلاکتوں کا دعویٰ کیا ہے، ان کی بھی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ حکومتی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے تحریری جواب کو جلد اسپیکر قومی اسمبلی کے حوالے کرے گی اور اسپیکر اس پر نظرثانی کے بعد مذاکرات کے اگلے دور کا فیصلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کے تیسرے اجلاس میں پی ٹی آئی نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کے علاوہ عمران خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جوڈیشل کمیشن پی ٹی آئی کے حوالے
پڑھیں:
پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات سے مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کو آگاہ کردیا گیا
پاکستان تحریک انصاف کے تحریری مطالبات سے مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کو آگاہ کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کی تحریک انصاف کے مطالبات کا جواب دینے پر مشاورت جاری ہے، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کمیٹی رکن رانا ثناءاللہ وزیراعظم شہباز شریف کو ساری صورتحال سے آگاہ کرچکے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کے تحریری مطالبات کو حکومت کے خلاف چارج شیٹ قرار دے دیا۔ن لیگ کے ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے جوڈیشل کمیشن کے لیے ٹی او آرز خود دیے، ٹی او آرز اس وقت تیار کیے جائیں گے جب حکومت جوڈیشل کمیشن پر رضا مند ہو۔ن لیگ کے ذرائع نے بتایا کہ ابھی تک حکومت جوڈیشل کمیشن پر راضی نہیں ہے. ٹی او آرز دینا کمیٹی کا کام ہوگا نہ کہ تحریک انصاف کا۔ ن لیگ کے ذرائع اتحادی جماعتوں کے اراکین سے بھی تحریک انصاف کے مطالبات پر رائے مانگی گئی ہے.حکومت ان مطالبات پر اپنے تحریری جواب سے چند روز میں اسپیکر کو آگاہ کرے گی. اسپیکر جواب ملنے پر کمیٹی کا چوتھا اجلاس بلائیں گے۔