وزیراعظم شہباز شریف کا گوادر ائیرپورٹ کی فعالی پر اطمینان کا اظہار
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر ائیرپورٹ سے پروازوں کے آغاز پر گہری خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع کو پاکستان کی ترقی اور خطے میں مواصلاتی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج اللہ کے فضل سے گوادر کو وسطی اور مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ، اور خلیجی ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ بنانے کی جانب ایک اور قدم اٹھایا گیا ہے۔ گوادر ائیرپورٹ کی فعالی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی اور سی پیک کے ذریعے خطے کی خوشحالی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ہوگی۔
وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کے آغاز کو پاکستان اور خطے کی ترقی کے لیے ایک مشترکہ عزم کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت ہونے والے اہم منصوبے نواز شریف کے دور میں شروع ہوئے اور ان کے دوراندیش فیصلے آج ثمر دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے پاک چین دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ گوادر ائیرپورٹ اس مثالی تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا وہ بھائی ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، سیکیورٹی افسران، اہلکاروں، اور عسکری قیادت کی ائیرپورٹ کی تعمیر میں انتھک محنت کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوادر ائیرپورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی کا مرکز ثابت ہوگا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: گوادر ائیرپورٹ انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
شہباز،نواز ، مریم کی ملاقات، پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات پر غور
حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن)کی اعلی قیادت کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور تحریری مطالبات پر غور کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف لاہور میں قیام کے دوران جاتی امرا رائیونڈ میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بھی شرکت کی۔حکمران جماعت کے ذرائع نے بتایا کہ تینوں رہنماں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پی ٹی آئی سے ہونے والے سیاسی مذاکرات بھی زیرغور آئے۔اعلی سطح کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات کے جواب پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات 2 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی اور اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف واپس ماڈل ٹان روانہ ہوگئے۔بعد ازاں مسلم لیگ(ن) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات میں اہم سیاسی و قومی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اور وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال سے آگاہ کیا اور اہم امور پر مشاورت کی۔ملاقات کے حوالے سے بتایا گیا کہ قیادت کے درمیان گفتگو کے دوران ملک کی معاشی بدحالی دور کرنے کے لیے حکومت کی کوششیں رنگ لائی ہیں اور مہنگائی کے گراف میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔اعلامیے کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف نے مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔