ایران: توہین مذہب کے مرتکب معروف پاپ گلوکار امیر حیسن کو سزائے موت
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
ایران کی ایک عدالت نے معروف پاپ گلوکار امیر حسین مقصودلو کو توہین مذہب کے جرم میں سزائے موت سنا دی۔
نجی اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی سپریم کورٹ نے پراسیکیوٹر کے اعتراض کو قبول کرلیا، گلوکار کو اس سے قبل توہین مذہب سمیت دیگر جرائم پر 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
ایرانی اخبار ’اعتماد آن لائن‘ کی رپورٹ کے مطابق سزا کا فیصلہ حتمی نہیں ہے اور اس پر اپیل کی جاسکتی ہے۔
37 سالہ روپوش گلوکار 2018 سے استنبول میں قیام پذیر تھے تاہم انہیں ترکیہ کی پولیس نے دسمبر 2023 میں ایران کے حوالے کیا تھا جس کے بعد سے وہ پابند سلاسل ہیں۔
امیر حسین مقصودلو جنہیں ’تتلو‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو اس سے قبل ’جسم فروشی‘ کے فروغ، فحش مواد اور ملک کے خلاف پراپیگنڈا کرنے پر 10 سال کی سزا بھی سنائی جاچکی ہے۔
معروف گلوکار جنہیں گائیکی میں اپنے مخصوص ریپ، پاپ انداز کی وجہ سے جانا جاتا ہے، کو قدامت پسند سیاستدانوں نے نوجوان، آزاد خیال ایرانی شہریوں تک رسائی کا ایک ذریعہ قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ امیر حسین نے انجہانی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ 2017 میں ایک ٹی وی شو بھی کیا تھا۔
2015 میں گلوکار نے ایران کے نیوکلیئر پروگرام کی حمایت میں ایک گانا بھی گایا جو ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں منظر عام پر آیا تھا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ایران اور پاکستان کے تعلقات مذہب، تاریخ پر استوار: ایاز صادق، سفیر سے گفتگو
اسلام آباد (خبرنگار) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایران پاکستان کا اہم برادر ہمسایہ ملک ہے اور پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی ملاقات کے دوران کیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک میں پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔