امریکا میں شدید سردی اور برف باری، 7 کروڑ افراد نشانے پر
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
امریکا کے مشرقی ساحل سے ملحق علاقوں میں انتہائی نوعیت کے موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق شدید برف باری کا امکان ہے اور اس کے نتیجے میں کم و بیش سات کروڑ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
امریکا اور کینیڈا کے خطے میں موسم کی اس کیفیت کو آرکٹک بلاسٹ کہا جاتا ہے۔ قطبین پر جب موسم شدت اختیار کرتا ہے تو امریکا، کینیڈا، گرین لینڈ اور دیگر خطوں اور ممالک میں بھی موسم کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے یعنی برف باری خطرناک شکل اختیار کرتی ہے اور برف باری نہ ہونے کی صورت میں بھی سردی بہت بڑھ جاتی ہے۔ سردی کی شدت معمولاتِ زندگی کو متاثر کیے بغیر نہیں رہتی۔
شدید موسم کی زد میں آنے والی ریاستوں نے متعلقہ انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ہیٹنگ سسٹم کو چالو رکھنے کے حوالے سے تمام انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ شمالی امریکا سے مائن کے سِرے تک کے پورے علاقے میں سردی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ لوگوں کے لیے کام پر جانا اور بچوں کے لیے اسکول جانا دشوار ہوچکا ہے۔ ریاستی حکومتیں سردی کی شدت سے نپٹنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔ کام کے اوقات تبدیل کرکے گھٹائے بھی گئے ہیں۔ جہاں سردی بہت زیادہ ہے وہاں اسکول بند کرنے کا آپشن اختیار کیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: موسم کی
پڑھیں:
اسلام آباد میں شدید ژالہ باری دوبارہ کب ہو سکتی ہے، محکمہ موسمیات نے بتادیا
اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں شدید ژالہ باری ایک بار پھر ہو سکتی ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے تفصیلات بتائی ہیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی جب کہ ژالہ باری سے سیکڑوں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے کے علاوہ دیگر کئی نقصانات ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق ژالہ باری سے فیصل مسجد کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جس طرح گزشتہ روز اسلام آباد میں شدید گرمی کی لہر کے دوران اچانک آسمان نے اولے برسائے اور شدید ژالہ باری سے سیکڑوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، اس طرح کی ژالہ باری دوبارہ بھی ہو سکتی ہے۔
ژالہ باری کے دوران گرنے والے اولے اتنے بڑے تھے کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کھلے آسمان تلے موجود گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سڑکوں و پارکوں میں جیسے سفید چادر بچھ گئی۔
ژالہ باری کے حوالے سے کچھ لوگوں نے کہا کہ یہ ہمارے اعمال کی سزا ہے، تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جب موسم بدل رہا ہوتا ہے تو اس طرح کے ایونٹ ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں نے ہمارے خطے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے، اس طرح کی شدید زالہ باری مستقبل قریب میں بھی پھر ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ پہلے جاری کیا جا چکا تھا۔
علاوہ ازیں ہیٹ ویو کی لہر بھی آئندہ کچھ دنوں میں پیش آ سکتی ہے۔