قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہﷺ
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
اْن کی پیٹھیں بستروں سے الگ رہتی ہیں، اپنے رب کو خوف اور طمع کے ساتھ پکارتے ہیں، اور جو کچھ رزق ہم نے اْنہیں دیا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔ پھر جیسا کچھ آنکھوں کی ٹھنڈک کا سامان ان کے اعمال کی جزا میں ان کے لیے چھپا رکھا گیا ہے اس کی کسی متنفس کو خبر نہیں ہے۔ بھلا کہیں یہ ہو سکتا ہے کہ جو شخص مومن ہو وہ اْس شخص کی طرح ہو جائے جو فاسق ہو؟ یہ دونوں برابر نہیں ہو سکتے۔ جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں اْن کے لیے تو جنتوں کی قیام گاہیں ہیں، ضیافت کے طور پر اْن کے اعمال کے بدلے میں۔ (سورۃ السجدۃ:16تا19)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تین خوبیاں جس شخص میں پائی جائیں اللہ اس کو اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عطا فرمائیں گے اور جنت میں داخل کردیں گے: کمزوروں سے نرم برتاؤ کرنا۔ والدین سے مہربانی کا معاملہ کرنا۔ غلام سے اچھا سلوک کرنا۔ (ترمذی) ٭ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’کسی مسلمان کے لیے جائز نہیں کہ وہ اپنے (مسلمان) بھائی سے تین دن سے زیادہ قطع تعلق رکھے، جس نے تین دن سے زیادہ تعلق توڑے رکھا اور اسی حال میں اس کو موت آ گئی تو وہ جہنم میں داخل ہو گا۔ (ابو داؤد)
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
سودی نظام کی وجہ سے ملک سے برکت اُٹھ گئی، علامہ عتیق الرحمن
ٹنڈو جام (نمائندہ جسارت) جمعیت اہل حدیث پاکستان کے رہنما علامہ عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ جب تک مسلمان قرآن و سنت کے راستے پر نہیں چلیں گے، مسائل سے نہیں نکل سکیں گے، سودی نظام کی وجہ سے ملک سے برکت اُٹھ گئی ہے، سپریم کورٹ ہر کیس سن رہی ہے، سود کے کیس پر گونگی بہری بنی ہوئی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعیت کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کی اُمتیں ایک ایک بری پر عذاب کا شکار ہوئیں لیکن پچھلی اُمتوں میں جتنی برائیاں تھیں، آج وہ سب ہم میں موجود ہیں، اسی وجہ سے اللہ نے ہمیں مسائل سے دوچار کیا ہوا ہے کہ ہم ہوش میں آکر اپنی اصلاح کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پاس ہر کیس سننے کی فرصت ہے لیکن 33 سال سے سود کے کیس کو التوا میں ڈالا ہوا ہے اور اس پر گونگی بہری بنی ہوئی ہے۔ جس جس نے طاقت ہونے کے باوجود اس پر خاموشی اختیاری کی وہ اللہ کی پکڑ سے نہیں بچ سکیں گے۔ سودی نظام اللہ سے جنگ کرنے کے مترادف ہے، آج پورے ملک سے اسی وجہ سے برکت اُٹھ گئی ہے کہ ہم نے سودی نظام کو اپنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسائل سے نجات چاہتے ہیں تو پھر ہمیں قرآن و سنت کے نظام پر چلنا ہو گا اور اسے ملک میں نافذ کرنا ہو گا۔