داعش کا مجاہد ظاہر کر کے تاجر کو دھمکی آمیز خط پھینک کر تاوان کا مطالبہ کرنیوالا ملزم گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
فیصل آباد(آن لائن) غلام محمد آباد پولیس نے کالعدم تنظیم داعش کا مجاہد ظاہر کر کے تاجر کو دھمکی آمیز خط پھینک کر دس لاکھ تاوان کا مطالبہ کرنے والے ملزم افتخار کو گرفتار کر لیا۔ آن لائن کے مطابق چند روز قبل ویور کالونی کے تاجر جاوید اقبال کے گھر ملزم نے خود کو کالعدم تنظیم داعش کا مجاہد ظاہر کر کے اس کے گھر دھمکی آمیز خط پھینک کر 10لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کرتے ہوئے 17جنوری کی ڈیڈلائن دی تھی، بھتہ نہ دینے پر بیوی بچوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی جس کی وجہ سے علاقہ میں خوف وہراس پایا جا رہا تھا تاہم سی پی او کامران عادل نے ایس پی رحمان قادر کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم افتخار جو کہ ان کا ہمسایہ نکلا، گرفتار کر کے بازپرس کی تو اس نے اعتراف جرم کر لیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
ایس بی سی اے کے جعلی افسران رشوت لیتے ہوئے گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے جعلی افسران سرگرم ہوگئے ہیں، یہ جعلی افسران پہلے شہریوں کے گھروں اور عمارتوں کو سیل کرتے ہیں اور پھر ڈی سیل کرنے کیلیے بھاری رقوم کا مطالبہ کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سرگرم سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 3 جعلی افسران شہریوں سے رشوت مانگتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر لیے گئے۔ جعلی اہلکاروں نے پہلے کچھ گھروں کو سیل کیا اور پھر ڈی سیل کرنے کیلیے پیسوں کا مطالبہ کیا۔ متاثرین کو ڈیل کرنے کے لیے چائے کے ہوٹل پر بلایا۔ اہل علاقہ نے اس کی اطلاع متعلقہ حکام کو دی تو ٹاؤن انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور تمام جعلی افسران کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق پکڑے گئے اہلکار ایجنٹ ہیں، جو خود کو سندھ بلڈنگ اتھارٹی کے افسران ظاہر کرکے شہریوں سے پیسے بٹورا کرتے تھے۔ پولیس نے تحقیقات شروع کردی۔