پنجاب کی تمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت، مراکز صحت بحالی کا پہلا فیز 30 جون تک مکمل کیا جائے: مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نوازشریف نے پنجاب کے روڈز کی تعمیر و مرمت مالی سال کے آخر تک مکمل کرنے اور تمام مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا پہلا فیز 30جون تک مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ تعمیر و بحالی کے بعد بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کا خود معائنہ اور افتتاح کریں گی۔ مریم نواز نے پی اینڈ ڈی کو اضافی وسائل پیدا کرنے کا ہدف دے دیا۔ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجا ب بھر میں جاری روڈز اور ہیلتھ کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سہیل اشرف نے بریفنگ میں بتایا کہ روڈ بحالی پروگرام کے تحت 462 پراجیکٹس کی منظوری دی گئی جس میں سے 455پر کام شروع ہوچکا ہے۔ روڈ بحالی پروگرام کے تحت تعمیر و بحالی کا 25فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے۔ روڈ بحالی پروگرام فیز ٹوکے تحت 72 سکیموں کی منظوری دی گئی، جن میں سے 67 پر کام شروع ہوچکا ہے جبکہ روڈ بحالی پروگرام فیز ٹو کے پراجیکٹ پر 24 فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے۔ پنجاب بھر میں مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا 75فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، 54 بنیادی مراکز صحت کی تعمیر و بحالی پوری طرح مکمل ہے جبکہ 1164 بنیادی مراکز صحت پر تعمیر و بحالی تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ 1211بنیادی مراکز صحت کی پلاسٹرنگ، 1143 مراکزصحت کی فلورنگ جبکہ 1004 مراکز صحت کی فنشنگ کا کام جاری ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب بھر میں رابطہ سڑکو ں کی بحالی اور تعمیر و مرمت سے لاکھوں شہری مستفید ہو ں گے۔ کھیت تا منڈی سڑک کی تعمیر سے معاشی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔ مریم نواز شریف نے کہاکہ نئے مریم نواز ہیلتھ کلینک بننے سے دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔ پہلی مرتبہ دیہات کے عوام کو شہروں کے اعلی پرائیویٹ کلینکس کا ماحول ملے گا۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے لاہور میں بہترین معیار کی ٹریفک مینجمنٹ کے لیے ایک اور انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ لاہور کی سڑکوں پر سائیکل اور موٹر سائیکل سواروں کے لئے الگ لین مختص کی جائے گی، جس سے سائیکل اور موٹرسائیکل سواروں کی حادثات سے حفاظت ہو گی۔ مرحلہ وار لاہور کی تمام سڑکوں پر بائیکر لینز بنائی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں فیروز پور روڈ پرکینال سے لاہور پل تک بائیکر لین کی تعمیر جاری ہے۔ 10 کلومیٹر طویل بائیکرز لین کو سبز رنگ سے بنایا جا رہا ہے۔ بائیکرز لین کے جدید عالمی تصور سے حادثات میں کمی اور ٹریفک میں روانی آئے گی۔ وزیراعلی نے بائیکرز لین پر تعمیراتی معیار کو بہترین بنانے کی ہدایت کی۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلا ملتان کرکٹ ٹیسٹ میچ جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو شاباش دی اور سپنر ساجد خان کی عمدہ کارکردگی کو سراہا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مراکز صحت کی تعمیر و بحالی مریم نواز شریف بحالی کا شریف نے
پڑھیں:
لاہور میں سائیکل اور موٹرسائیکل سواروں کیلئے الگ راستہ مختص
تصویر بشکریہ سوشل میڈیالاہور کی سڑکوں پر سائیکل اور موٹرسائیکل سواروں کے لیے الگ راستہ مختص کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پہلے مرحلے میں فیروز پور روڈ کینال روڈ سے لاہور پُل تک بائیکر لین کی تعمیر جاری ہے۔
10 کلومیٹر بائیکرز لین کو خوبصورت سبز رنگ سے تیار کیا جا رہا ہے۔
پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کا حکموزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مالی سال کے آخر تک صوبے کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بائیکرز لین کے جدید عالمی تصور سے حادثات میں کمی اور ٹریفک کی روانی آئے گی۔
علاوہ ازیں مریم نواز نے مالی سال کے آخر تک صوبے کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔