سندھ حکومت کو جامعات کے متعلق اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے،پروفیسررئیس احمد منصوری
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر ) معاشرے میں تعلیم و تحقیق کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے کہ جامعات کو تعلیم دوست افراد کے حوالے اور ان کے مسائل حل کیے جائیں سندھ حکومت کو جامعات کے متعلق اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار صدر تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ سندھ پروفیسر رئیس احمد منصوری نے فپواسا سندھ کے صدر ڈاکٹر کامران زکریا اور شعبہ اعلیٰ تعلیم تنظیم اساتذہ پاکستان کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معروف بن رؤف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مذکورہ ذمہ داران نے آگاہ کیا کہ شیخ الجامعہ کے لیے بیوروکریٹس کا تقرر، نئے اور پرانے اساتذہ کو ریگولر ہونے سے روکنا، گریڈنگ سسٹم کا خاتمہ، الاونسز سے محرومی، اسی طرح انہیں بھی دیگر اساتذہ کی طرح گورنمنٹ آفسز کے چکر کاٹنے پر مجبور کرنے کے فیصلوں سے یونیورسٹی اساتذہ پریشان کن صورتحال میں گرفتار ہیں۔ صدر تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ سندھ پروفیسر رئیس احمد منصوری نے جامعات کے مذکورہ تمام مطالبات کی حمایت کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ سندھ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے فی الفور ان مسائل کے حل کا مطالبہ کیا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
سندھ کی جامعات میں مزید 2 دن تدریسی سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان
کراچی: فپواسا سندھ چیپٹر نےسندھ کی جامعات میں مزید 2 دن تدریسی سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ہم اپنا لائحہ عمل جلد اعلان کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جامعہ کراچی کے جنرل سیکریٹری انجمن اساتذہ ڈاکٹر معروف بن روف نے کہا ہےکہ سندھ FAPUASA کی آن لائن میٹنگ کے فیصلہ کے مطابق کل اور پرسوں (20 اور21جنوری) کو بھی سندھ بھر کی جامعات میں کلاسز کا مکمل بائیکاٹ جاری رہے گا اور پیر کو ہونے والی میٹنگ میں آگے کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ فپواسا سندھ چیپٹر نے گزشتہ ہفتے بھی سندھ کی جامعات میں تدریسی عمل منسوخ کرکے ہڑتال کا اعلان کیا ہوا تھا، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ یونیورسٹی کی خودمختاری کو فوری طور پر بحال کیا جائے، مستقل تدریسی عملے کی تقرری کے لیے واضح پالیسی بنائی جائے، این او سی کے اختیارات دوبارہ وائس چانسلرز کو دیے جائیں،جامعات کے مسائل کے حل کے لیے مالی وسائل فراہم کیے جائیں۔