مسلم لیگ(ن) کی اعلیٰ قیادت کا پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات پر غور
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
لاہور:
حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور تحریری مطالبات پر غور کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف لاہور میں قیام کے دوران جاتی امرا رائیونڈ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شرکت کی۔
حکمران جماعت کے ذرائع نے بتایا کہ تینوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پی ٹی آئی سے ہونے والے سیاسی مذاکرات بھی زیرغور آئے۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات کے جواب پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات 2 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی اور اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف واپس ماڈل ٹاؤن روانہ ہوگئے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پی ٹی آئی
پڑھیں:
وزیراعظم کا ’ڈیجیٹل ایف ڈی آئی‘ منصوبے میں پاکستان کی شمولیت کا خیرمقدم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر، ڈیجیٹائزیشن کو اپنانے، نئے ڈیجیٹل سرگرمیوں کا فروغ اور برآمدات ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو راغب کرنے کا ایک ذریعہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق انہوں نے اسے ملک میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کے قیام کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شہباز شریف نے ورلڈ اکنامک فورم ( ڈبلیو ای ایف) اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او) کے مشترکہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ (ایف ڈی آئی) منصوبے میں پاکستان کی شمولیت کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ پاکستان ’ڈبلیو ای ایف فریم ورک‘ کے تحت عالمی سطح پر ڈیجیٹل ایف ڈی آئی کو اپنانے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔’
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل ایف ڈی آئی کے منصوبے کا مقصد کلیدی اہداف کی نشاندہی کرنا اور ڈیجٹیل ترقی کو آگے بڑھانا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیجیٹائزیشن اور ڈیجیٹل سروسز کی برآمد پر توجہ مرکوز کرنے والا فریم ورک شامل ہے، انہوں نے زور دیا کہ یہ کوششیں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو ترغیب دے سکتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جامع ڈیجیٹل معیشت کی طرف گامزن ہے جو پائیدار ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک قدم ہے۔