غزہ جنگ بندی معاہدے نے حماس کو فتحیاب کر دیا ہے، اسرائیلی وزیر
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
غاصب صیہونی رژیم کے مستعفی وزیر برائے اندرونی سلامتی نے غزہ جنگ بندی معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ حماس فتحیاب ہوئی ہے! اسلام ٹائمز۔ غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر نیتن یاہو کابینہ سے مستعفی ہونے والے اسرائیلی وزیر اندرونی سلامتی اتمار بن گویر نے اعتراف کیا ہے کہ حماس نے صیہونی رژیم پر جنگ بندی معاہدہ مسلط کر کے واضح فتح حاصل کر لی ہے۔ اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ نیتن یاہو انتہائی دائیں بازو کی انتہا پسند اقدار کو اہمیت دیتے ہوئے غزہ پر ایک مرتبہ پھر جنگ مسلط کرے، اتمار بن گویر نے اعلان کیا کہ جنگ بندی کے اس معاہدے سے حماس مکمل طور پر فتحیاب ہو گئی ہے۔ اپنے بیان میں انتہا پسند صیہونی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس حقیقت کا بھی برملا اعلان کرنا چاہیئے کہ ہم فلاڈیلفیا سے بھی عقب نشینی کر لیں گے!
واضح رہے کہ غاصب صیہونی وزیراعظم نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ ہم فلاڈیلفیا پر اپنا کنٹرول برقرار رکھیں گے اور وہاں ہماری فورسز میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
فلسطین غیور یمنی قوم کے دلیرانہ موقف کو کبھی فراموش نہ کریگا، القسام بریگیڈز
غاصب صیہونی رژیم کی جغرافیائی گہرائی میں واقع حساس صیہونی اہداف پر یمن کے مزاحمتی میزائل حملوں پر تبصرہ کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمتی فورس کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی عوام؛ غیور یمنی قوم کی مسجد الاقصی کیساتھ وفاداری اور غزہ کی حمایت میں انکے دلیرانہ موقف کو کبھی نہ بھولیں گے! اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ عز الدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں، مقبوضہ فلسطینی اراضیوں میں واقع غاصب و سفاک صیہونی رژیم کے حساس مراکز کے خلاف یمن کے مزاحمتی میزائل حملوں کو سراہا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں ابو عبیدہ نے تاکید کی کہ یمن میں ہمارے حقیقی بھائی، غزہ کے عوام کی حمایت میں غاصب صیہونی رژیم کے قلب کو مفلوج کر دینے پر تلے ہوئے ہیں؛ وہی عوام کہ جو نسل کشی پر مبنی تباہ کن صیہونی جنگ کا شکار ہے۔ عز الدین القسام بریگیڈز کے ترجمان نے تاکید کی کہ غیور یمنی قوم کی جانب سے انجام پانے والی یہ حمایت، ان کے اپنے خون کی بھاری قیمت پر فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور اس کے عوام، یمنی عوام کے اس شاندار موقف اور فولادی عزم کو کبھی فراموش نہ کریں گے؛ ایک ایسا عزم کہ جو امت مسلمہ کی عظیم طاقت کی نوید سناتا ہے، بشرطیکہ اس غاصب و سفاک رژیم کی "سلامتی" کو درہم برہم کر ڈالنے پر مبنی "ارادہ و ایمان" بھی موجود ہو!!