امریکی غلامی سے نکلے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط حکمران ٹولہ اپنی ہی قوم کو فتح اور امریکہ کو خوش کرنے میں لگا ہوا ہے۔ امریکی غلامی سے نکلے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ اسرائیل امریکی سرپرستی میں معاہدہ کرنے کے باوجود اہل غزہ پر بمباری کر رہا ہے۔ امریکہ انسانیت کا دشمن ہے، اس نے پوری دنیا میں ظلم وستم کی تاریخ رقم کی، جاپان پر ایٹم بم گرایا، عراق، افغانستان، ویت نام میں لاکھوں افراد کو مارا اورجمہوری حکومتوں کے تختے الٹ دئیے۔ عوام امریکی وفاداروں سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں۔ ایکسپو کراچی میں نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستانی مصنوعات کے صنعتی اداروں کے مالکان اور تاجر اپنی مصنوعات معیاری بنائیں اور اس کی فراہمی کو آسان بنائیں۔ دنیا بھر میں ان کی مصنوعات کی پذیرائی ہوگی اور پاکستان بھی ترقی کرے گا، حکومت کو چاہیے کہ وہ پاکستانی صنعتوں کو سستی بجلی اور دیگر سہولتیں فراہم کرے تاکہ وہ عوام کو سستی مصنوعات فراہم کر سکے۔ قبل ازیں انہوں نے پاکستانی مصنوعات کے بطور متبادل فروغ کے لیے پاکستان بزنس فورم کے تحت ہفتہ کو ایکسپو سینٹر میں دو روزہ نمائش بعنوان ’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ کا افتتاح کر دیا، شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نمائش کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جاوید بلوانی نے بھی خطاب کیا جبکہ نمائش میں جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سکرٹری امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان،، صدر پاکستان بزنس فورم کراچی سہیل عزیز، جنرل سکرٹری عامر رفیع، سینئر نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ثاقب فیاض مگوں و دیگر بھی موجود تھے۔ آج بھی جاری رہے گی۔ جاوید بلوانی نے کہاکہ جماعت اسلامی، الخدمت اور پاکستان بزنس فورم کا شکر گزار ہوں جن کے تعاون سے ایک بار پھر ’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ نمائش منعقد کی گئی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی
پڑھیں:
بانی پی ٹی آئی پر مقدمات سیاسی بنیادوں پر ہیں جنہیں ختم ہونا چاہئے، حافظ نعیم الرحمان
کراچی:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں جنہیں ختم ہونا چاہئیے۔
حافظ نعیم الرحمان کراچی ایکسپو سینٹر میں میرا برانڈ پاکستان نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سیاسی استحکام ضروری ہے ہر کوئی اسٹیبلشمنٹ کی جانب دیکھتا ہے، ہر کوئی آئینی حدود میں کام کرے۔
انہوں نے کہا کہ میرا برانڈ پاکستان کے انعقاد پر پاکستان بزنس فورم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، مسلسل دوسرے سال کامیابی کے ساتھ اس نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے، فلسطینیوں پر جو ظلم سوا سال قبل شروع ہوا وہ آج تک جاری ہے، اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہئیے، اس تمام صورتحال میں پاکستان بزنس فورم نے فلسطینیوں کے لئے یہ نمائش سجائی جس میں مصنوعات کے 400 اسٹالز لگائے گئے ہیں، میرا پاکستان برانڈ کا مقصد پورے پاکستان کو متوجہ کرنا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نہتے لوگ اسرائیل کے خلاف برسر پیکار ہیں انہوں نے اپنی زمین نہیں چھوڑی، نیتن یاہو نے اسی حماس سے معاہدہ کیا جس کے لئے کہہ رہا تھا کہ اسے فنا کردے گا، پاکستانیوں نے ہر موقع پر فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، ہم اہلِ غزہ کے ساتھ ہیں اور مکمل سپورٹ کرتے رہیں گے، اسرائیل گھٹیا دشمن ہے جو معاہدہ ہونے کے باوجود بمباری کررہا ہے، میرا برانڈ پاکستان ایک بہترین کاوش ہے ہم یہاں پاکستانی مصنوعات پیش کررہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی کی صنعتوں کو مہنگی ترین بجلی فراہم کی جاتی ہے، کے الیکٹرک ایک مافیا ہے جو کراچی کے عوام کا خون چوس رہی ہے، سندھ میں سسٹم کام کررہا ہے، آرمی چیف نے بھی تاجروں اور صنعتکاروں کو کہا تھا سندھ میں چلنے والے سسٹم کا خاتمہ کرینگے، سندھ اور کراچی سے مکمل سسٹم کا خاتمہ کیا جائے۔