اسپورٹس فیسٹ آٹوکراس میں ملک بھر سے 120سے زائد گاڑیوں کی شرکت
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
پشاور(اسپورٹس ڈیسک)ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام کے پی اسپورٹس فیسٹ (آٹو کراس) کے نام سے موٹر اسپورٹس ریس کا بڑا ایونٹ پشاورا سپورٹس میں شروع ہوگیا جس میں ملک بھر سے 120 سے زائد گاڑیاں چھ مختلف کیٹگریز میں شرکت کررہی ہیں۔ ریس کا باضابطہ افتتاح ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس عبدالناصر نے کیا جبکہ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر آپریشن نعمت اللہ مروت، ڈپٹی ڈائریکٹر جمشید بلوچ، آرگنائز سیکرٹری محمد سعد سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی اسپورٹس عبدالناصر نے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد صوبے میں موٹر اسپورٹس کو فروغ دینا ہے اور اسی تسلسل میں گزشتہ مہینے بھی آٹو موٹیو کار شو کی سرگرمی منعقد کی گئی تھی۔ مذکورہ ایونٹ کا انعقاد وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے ویژن کے مطابق سرانجام دیا جارہا ہے اورا سپورٹس کی یہ سرگرمیاں صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان کی قیادت میں ایک تسلسل کیساتھ منعقد کی جارہی ہیں جن میں خصوصی طور پر موٹر اسپورٹس کو فروغ دینے کیلئے صوبائی وزیر کھیل خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹرجمشید بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس ایونٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں پہلے مرحلے میں 200 گاڑیوں نے شرکت کی جس میں فائنل ریس کیلئے 120 گاڑیوں کا انتخاب کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں 6 مختلف کیٹیگریزکی ریس شامل ہے جس میں فرنٹ وہیل ڈرائیو، آل وہیل ڈرائیو،فور وہیل ڈرائیو، چھوٹی گاڑی اور بیگنرز کی کیٹیگری میں شریک ڈرائیورز اپنی ڈرائیونگ سکلز کا مظاہرہ کریں گے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی میں نیشنل پیڈل چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد، نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس
کراچی:پاکستان پیڈل فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نیشنل پیڈل چیمپئن شپ 11 سے 13 اپریل تک کراچی کے ایک نجی پیڈل کورٹ میں منعقد ہوئی۔ تین روزہ ایونٹ میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور پیڈل کھیل کی مقبولیت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
مردوں کے مقابلوں میں کراچی سے تعلق رکھنے والے عدیل اللہ والا اور ہشیش کمار نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چیمپئن شپ جیتی۔ خواتین کے زمرے میں بھی کراچی کی ثنا طابہ اور ناتالیا زمان نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مکسڈ ڈبلز کی کیٹیگری میں اسلام آباد کے سامی زیب اور سارہ منصور فاتح قرار پائے۔
اختتامی تقریب میں پاکستان پیڈل فیڈریشن کے سینئر نائب صدر جناب مسرر رزاق آرائیں نے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر اُنہوں نے پیڈل کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں یہ کھیل تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
پیڈل کو عام طور پر ٹینس اور اسکواش کا امتزاج سمجھا جاتا ہے۔ اس کے بیشتر قوانین ٹینس سے مشابہت رکھتے ہیں، تاہم چند اصول اسکواش سے بھی مستعار لیے گئے ہیں جو اس کھیل کو منفرد اور دلچسپ بناتے ہیں۔
نیشنل چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کو پاکستان میں پیڈل کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے اور مستقبل میں مزید ٹورنامنٹس اور تربیتی پروگرامز کی توقع کی جا رہی ہے۔