ڈاکٹر عافیہ نے بائیڈن سے صدارتی معافی کی اپیل کردی: برطانوی میڈیا کا دعویٰ
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2025 GMT
لندن: برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہےکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے امریکی صدر بائیڈن سے صدارتی معافی کی اپیل کردی ہے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکا میں ایک متنازع عدالتی فیصلےکے باعث 86 سالہ سزا کاٹ رہی ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے امریکی صدر سے اپیل کی ہےکہ وہ صدارت سے سبکدوش ہونے سے پہلے سزا معاف کردیں۔
برطانوی میڈيا کا کہنا ہےکہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی اپنی رہائی کے لیے پر امید ہیں۔
اپنے وکیل کے ذریعے برطانوی میڈيا سے خصوصی گفتگو میں ڈاکٹرعافیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ‘مجھے امید ہےکہ میں بھلائی نہیں گئی اور مجھے امید ہےکہ ایک دن مجھے رہا کر دیا جائےگا، میں ناانصافی کا شکار ہوں، میرے لیے ہر دن اذیت ہے، یہ آسان نہیں ہے، ان شاء اللہ ایک دن میں اس عذاب سے آزاد ہو جاؤں گی’۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کے امریکی وکیل کلائیو اسٹافورڈ بھی صدارتی معافی کے لیے پرامید ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن یہاں تک کہ ٹرمپ انتظامیہ سے بھی معافی ملنےکا امکان ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائيڈن کے دور صدارت کا کل آخری دن ہے اور 20 جنوری کو نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ حلف اٹھائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق صدر بائیڈن اپنے بیٹے سمیت 39 افرادکو صدارتی معافی دے چکے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: برطانوی میڈیا صدارتی معافی ڈاکٹر عافیہ عافیہ صدیقی
پڑھیں:
وفاقی حکومت اور ادارے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلیے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ، حمزہ صدیقی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ٹیم عافیہ پاکستان کے صدر حمزہ صدیقی نے کہا ہے کہ ٹیم عافیہ قوم کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھے گی۔ ڈاکٹر عافیہ کا کیس فیصلہ کرے گا کہ ریاست کی نظر میں اپنے شہریوں کی کتنی قدرومنزلت ہے؟انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کا22 سال سے امریکی قید ناحق میں ہونا شرمناک ہے۔ مگر اب حکومت اور اداروں کو انہیں رہا کرانے کا ایک سنہری موقع میسر آیا ہے جسے گنوانا نہیں چاہیے۔ امریکی صدر جو بائیڈن اپنے منصب سے سبکدوش ہونے والے ہیں اوروہ ہزاروں کی تعداد میں قیدیوں کی سزائیں معاف کر رہے ہیں جس سے وائٹ ہائوس میں عام معافی کا سماں پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا اگر حکومت اور ہمارے ادارے اس وقت لاغراور نحیف قدم بھی اٹھانے کی جسارت کرلیں تو عافیہ کی رہائی ممکن ہو سکتی ہے۔ اب تک change.org پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی حمایت میں پیٹیشن پر 1.5 ملین سے زیادہ دستخط ہو چکے ہیں جو عافیہ کے لیے عوامی وکالت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ پیٹیشن دنیا کی، انسانی حقوق کے واسطے، سب سے زیادہ دستخط کردہ پٹیشنز میں سے ایک ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کی بہن، ڈاکٹر فوزیہ اس وقت امریکا میں اللہ کی مدد اور عوام کی حمایت کے سہارے اپنی بہن کا مقدمہ لڑ رہی ہیں۔ امریکی حکام سے ملاقاتیں ہوچکی ہیںاور انہوں نے ساتھ دنیا بھر کے مسلمانوں سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے دعائیں کرنے کی درخواست کی ہے۔ عوام سے درخواست ہے کہ عافیہ رہائی پٹیشن پر دستخط جاری رکھیں۔ ٹیم عافیہ کے صدر حمزہ صدیقی نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے ٹیم عافیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔