کراچی؛ کمسن صارم کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، جسم پر زخموں کے نشانات پائے گئے
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2025 GMT
کراچی:
پانی کے ٹینک سے ملنے والی کمسن صارم کی لاش کا عباسی شہید اسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران بچے کے جسم کے مختلف حصوں پر زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں ۔
پوسٹ مارٹم کے دوران تمام ضروری نمونے حاصل کیے گئے ہیں تاہم کمسن صارم کی حتمی وجہ موت کا تعین کیمیکل ایگزامن رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
دریں اثنا زیر زمین پانی کے ٹینک سے کمسن صارم کی لاش ملنے کی اطلاع پر ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی عبدالوسیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنھیں دیکھ کر اپارٹمنٹ کے رہائشی اور خواتین مشتعل ہوگئے اور انھوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے ایم پی اے پر چڑھائی کر دی۔
اس موقع پر خواتین نے رکن سندھ اسمبلی کا گھیراؤ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بچہ چلا گیا اور آپ لوگ سیاست چمکانے آگئے جس کے بعد وہ اپارٹمنٹ سے باہر چلے گئے جبکہ واقعے کے بعد مشتعل مکینوں نے اپارٹمنٹ کی یونین کو بھی آڑھے ہاتھوں لیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی عبدالوسیم کی جانب سے صارم کے لواحقین کی جانب سے دیے جانے والے ردعمل پر اپنا بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ صارم کے لواحقین کا غم و غصہ جائز ہے۔
کئی روز تک پولیس ان کے لخت جگر کا پتہ نہیں لگا سکی ، ساتھ کیا ہوا یہ تو تحقیقات سے پتہ چلے گا ان کا کہنا تھا کہ صارم کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کمسن صارم کی پوسٹ مارٹم
پڑھیں:
کراچی سے لاپتا بچے صارم کی لاش گھر کے قریب زیرزمین ٹینک سے برآمد
کراچی:گیارہ دن سے لاپتا بچے صارم کی لاش گھر کے قریب زیر زمین ٹینک سے برآمد ہو گئی۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے پراسرار طور پر لاپتا بچے صارم کی لاش مل گئی۔ بچے کی لاش گھر کے قریب زیر زمین پانی کے ٹینک سے ملی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی؛ ایک ہفتہ قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے بچے کا تاحال سراغ نہ مل سکا
واضح رہے کہ 7 سالہ صارم 11 روز قبل پراسرار طور پر لاپتا ہوا تھا، جس کے بعد سے پولیس اور اہل خانہ اس کی بازیابی کے لیے کوششیں کررہے تھے۔
ننھے صارم کی لاش کو زیرزمین ٹینک سے نکال لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واٹر ٹینک پر ڈھکن کی جگہ گتے کا ٹکڑا رکھا ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: کراچی: 5 مبینہ لاپتہ بچوں میں سے 2 بازیاب، 3 تاحال لاپتہ
لخت جگر کی لاش دیکھ کر والدہ شدت غم سے نڈھال ہو گئی۔
7 سالہ صارم حادثاتی طور پر ٹینک میں گرا یا پھر کسی نے گرایا، پولیس نے اس حوالے سے تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔
ٹینک کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے 2 بار چیک کیا تھا، اہل محلہ
نارتھ کراچی میں زیر زمین ٹینک سے بچے کی لاش ملنے کے معاملے پر اہل محلہ کا کہنا ہے کہ پانی کے ٹینک کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 2 بار چیک کیا تھا۔ اہل محلہ کے مطابق عین ممکن ہے کہ جب پانی کے ٹینک کو چیک کیا گیا ہو، اس وقت بچے کی لاش نیچے ہی موجود ہو اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ باڈی پانی کے اوپر آ گئی ہو۔ بظاہر بچے کے ساتھ کوئی زیادتی نظر نہیں آرہی۔ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ بچہ جیسے کپڑے پہنے ہوا تھا ویسے ہی پانی کے ٹینک سے مردہ حالت میں برآمد ہوا ہے۔بچے صارم کی لاش کو پولیس کارروائی کے بعد عباسی شہید اسپتال روانہ کر دیا گیا ہے۔