190 ملین پاؤنڈ کیس وہ گڑھا ہے جو بانی پی ٹی آئی نے کسی اور کیلئے کھودا اور خود گرگئے، مریم اورنگزیب
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2025 GMT
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ن لیگ کے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی مکافات عمل کا شکار ہوئے، دوسروں کیلئے گڑھا کھودنے والا خود اس میں گرگیا۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ہفتے کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے اربوں اور کھربوں کے منصوبے لگائے، نواز شریف کو کرپشن کیس پر وزارت عظمیٰ سے نہیں ہٹایا گیا تھا، بیٹے سے تنخواہ لینے پر نوازشریف کو کرسی سے ہٹایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ جان چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے این سی اے کو خط لکھا تھا، اس خط پر این سی اے نے تحقیقات شروع کی، این سی اے نے حسین، حسن، نواز شریف اور شہباز شریف کو کلین چٹ دی، یہ کیس وہ گڑھا ہے جو بانی پی ٹی آئی نے کسی اور کیلئے کھودا اور خود گرگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیگی قیادت کو جیل میں ڈال کر کھنگالنا شروع کردیا تھا، 40، 40 سال پرانے کیسز نکالنا شروع کردیے تھے، اگر پرائیویٹ پیسہ تھا تو بند لفافہ کیوں لہرایا گیا؟ اگر یونیورسٹی بنانی تھی تو وزیراعظم، گورنرہاؤس میں بناتے، یہ کوئی ذاتی پیسہ نہیں تھا بانی پی ٹی آئی کی ڈکیتی تھی، لوہے پر سونے کا پانی چڑھا دو تو وہ سونا نہیں بن جاتا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کہتے ہیں ڈٹ کر کھڑا ہے کپتان لیکن اصل میں کرپشن کرکے کھڑا ہے کپتان، 190 ملین پاؤنڈ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے انہیں چاہیے اپیل میں نہ جائیں، جب دوسروں کو چور ڈاکو کہہ رہے تھے تب 190 ملین پاؤنڈ پر ڈاکہ ڈال رہے تھے، یہ پیسہ پاکستان کے عوام کا تھا اور قومی خزانے میں آنا تھا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بانی پی ٹی ا ئی مریم اورنگزیب ملین پاؤنڈ
پڑھیں:
190 ملین پاؤنڈ کیس جب ہائیکورٹ جائے گا تو ختم ہو جائے گا: علیمہ خان
بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان—فائل فوٹوبانئ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس جب ہائی کورٹ جائے گا توختم ہو جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی چاہتے تھے جلدی فیصلہ سنایا جائے تاکہ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی جائے۔
علیمہ کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی نے جب فیصلہ سنا تو ہنس پڑے تھے، ہم نے اپنا معاملہ اللّٰہ پر چھوڑا ہوا ہے۔
عمران خان نے سزا سننے کے بعد علیمہ خان سے کیا کہا؟بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ پہلے بھی ایسی سزائیں دی گئیں جو ہائیکورٹ میں جا کر ختم ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ تو حکومت کے پاس ہے بانئ پی ٹی آئی کے پاس نہیں ہے۔
بانئ پی ٹی آئی کی بہن کا کہنا ہے کہ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ اس نظام کو اصلاحات کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا گیا تھا۔
راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں بانیٔ پی ٹی آئی کو 14 سال جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
علاوہ ازیں بانیٔ پی ٹی آئی کو 10 لاکھ روپے اور بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔
عدالت نے القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کا حکم بھی دیا تھا۔