ای او-ون سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ: قوم کے لیے فخر کا لمحہ
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
اسلام آباد: پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے الیکٹرو آپٹیکل ای او-ون سیٹلائٹ کامیابی سے خلاء میں بھیج دیا۔ یہ سیٹلائٹ سپارکو نے تیار کیا، اور اسے چین کے جیو چوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلاء میں روانہ کیا گیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سپارکو اور متعلقہ ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ سیٹلائٹ کی روانگی پوری قوم کے لیے ایک تاریخی اور فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے اسے پاکستان کی سائنسی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
آئی ایس پی آر نے بھی اپنے بیان میں اس کامیابی کو سراہا اور کہا کہ یہ جدید خلائی ٹیکنالوجی میں پاکستان کی خود انحصاری کی سمت ایک بڑا سنگِ میل ہے۔
ماہرین کے مطابق، ای او-ون سیٹلائٹ زمین کی نگرانی، زراعت، ماحولیاتی تحفظ، اور قدرتی آفات سے نمٹنے جیسے شعبوں میں پاکستان کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے گا۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
پاکستان کا پہلا مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ آج خلا میں روانہ ہوگا
کراچی : پاکستان کا قومی خلائی ادارہ اسپارکو آج اپنا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (ای او-1) خلا میں بھیجے گا۔ یہ سیٹلائٹ چین کے جی چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا جائے گا، اور اس کی لانچنگ کی تقریب کراچی میں اسپارکو کمپلیکس میں منعقد ہوگی۔ اس دوران پاکستانی عوام سیٹلائٹ کے خلا میں جانے کے مناظر براہ راست دیکھ سکیں گے۔
یہ سیٹلائٹ مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے جیسے ماحولیاتی نگرانی، زراعت، دفاع اور دیگر نگرانی کے کام۔ اسپارکو نے اپنے بیان میں کہا کہ ای او-1 مشن پاکستان کی خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے، اور یہ مقامی سطح پر تیار کردہ سیٹلائٹ پاکستان کے خلائی ٹیکنالوجی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔