متحدہ عرب امارات کا پاکستان کو بڑا ریلیف، 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
اسلام آباد:متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کو مزید ایک سال کے لیے رول اوور کر دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام کے مطابق یو اے ای نے ایک ارب ڈالر کے 2 ڈیپازٹس، جو جنوری 2025 میں واجب الادا تھے، کو رول اوور کرنے کی تصدیق کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ کابینہ اجلاس میں قوم کو اس فیصلے کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ان کی ملاقات کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان میں ہونے والی ملاقات کے دوران النہیان نے نہ صرف قرض کی مدت میں توسیع کی یقین دہانی کرائی بلکہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا عندیہ بھی دیا۔
یہ فیصلہ معاشی استحکام کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے جو پاکستان کی مالی مشکلات میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
امریکی ٹیرف، پاکستانی برآمدات کے حجم میں ایک ارب ڈالر سے زائد کی کمی کا خدشہ
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم جاوید کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال پاکستان کے لیے خطرہ ضرور ہے لیکن ساتھ ہی اپنی برآمدی پالیسیوں پر نظرِثانی کرنے اور مستقبل کے لیے بہتر حکمت عملی بنانے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد ٹیرف سے پاکستانی برآمدات کے حجم میں ایک ارب ڈالر سے زائد کی کمی کا خدشہ ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے 29 فیصد جوابی ٹیرف عائد ہونے سے پاکستان کی برآمدات کے حجم میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر سے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر تک کمی آسکتی ہے۔ پائیڈ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی ایکسپورٹس میں 25 فیصد کمی ہونے کا خدشہ ہے اور پیداوار متاثر ہونے سے 5 لاکھ ملازمتیں ختم ہو جائیں گی جب کہ صورتحال کا فائدہ بھارت اور بنگلادیش اٹھا سکتے ہیں۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم جاوید کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال پاکستان کے لیے خطرہ ضرور ہے لیکن ساتھ ہی اپنی برآمدی پالیسیوں پر نظرِثانی کرنے اور مستقبل کے لیے بہتر حکمت عملی بنانے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر 29 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔