پنجاب حکومت کی جانب سے سکولز بسوں کے حوالے سے مجوزہ رولز عدالت میں پیش
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پنجاب حکومت نے سکولز بسوں کے حوالے سے مجوزہ رولز عدالت میں پیش کر دیئے ۔ جمعہ کو جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں بنچ نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت، سرکاری وکیل نے سکولز بسوں کے حوالے سے مجوزہ رولز عدالت میں پیش کئے جس پر ممبر جوڈیشل کمیشن نے کہا کہ ان رولز میں مزید نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ وکیل نے بتایا کہ حکومت گلی محلوں میں سکولز کو بسوں سے استثنیٰ دینے کا ارادہ رکھتی ہے، اور 4 ہزار روپے سے کم فیس والے سکولز کو بھی بسوں سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، سکولز جو اس حوالے سے خلاف ورزی کریں گے، ان پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے کے وکیل نے لاہور کے ملتان روڈ کا ٹریفک پلان عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان روڈ پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لئے یوٹرنز کو بند کر دیا گیا جس پر جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ حکومت ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ نظر آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 منٹ تک ٹریفک کا جام رہنا گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کی وجہ سے آلودگی میں اضافہ کرتا ہے اور ڈی جی ایل ڈی اے کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ اس موقع پر جسٹس شاہد کریم نے واسا کے حوالے سے بھی اہم ریمارکس دیئے اور کہا کہ واسا کو سروس سٹیشنز اور ہوٹلوں میں واٹر میٹرز نصب کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ ممبر جوڈیشل کمیشن نے بتایا کہ 16 سروس سٹیشنز کا وزٹ کیا گیا، جن کے ری سائیکلنگ سسٹمز فعال نہیں تھے۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ جب ان سروس سٹیشنز کو پانی کا بل آنا شروع ہوگا تو وہ ری سائیکلنگ سسٹم کا استعمال کریں گے۔ بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے سموگ تدارک سے متعلق درخواستوں کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
شدید دھند کے باعث پنجاب میں اہم موٹرویز ٹریفک کے لیے بند
لاہور: پنجاب کے کئی علاقے گھنی دھند کی لپیٹ میں ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق، شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 کو عبدالحکیم سے ملتان تک اور موٹروے ایم 5 کو ملتان سے ظاہر پیر تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ موٹرویز کی بندش عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ شہریوں کو دن کے اوقات میں سفر کرنے، غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور کسی بھی مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شہری تیز رفتاری سے گریز کریں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، اور دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔